سپریم کورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف رحمان ملک کی درخواست خارج کر دی

بدھ 30 ستمبر 2020 16:16

سپریم کورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) سپریم کورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی ہے، عدالت عظمیٰ نے سنتھیا ڈی رچی کیس کا معاملہ جسٹس فار پیس کو بھیجنے سے متعلق اسلام ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

بدھ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سنتھیا ڈی رچی کیس میں رحمان ملک کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ کیا مجسٹریٹ نے اس حوالے سے کوئی آرڈر دیا تھا۔جس پر پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ معاملہ پر مجسٹریٹ نے کوئی آرڈر نہیں دیا۔

(جاری ہے)

جسٹس یحیٰی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ جو طریقہ کار ہونا چاہیے تھا اس پر عمل نہیں کیا گیا اس لیے معاملہ جسٹس فار پیس کے پاس گیا۔

جب درخواست گزار کو پولیس کی رائے معلوم ہے تو شکایت میں کیوں نہیں جاتے۔ دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے سنتھیا ڈی رچی کے وکیل سیف الملوک سے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں فرانزک کی ضرورت ہے۔یہ بھی بتائیں دس سال بعد آپ کو کیوں خیال آیا۔کیوں نہ یہ کہہ کر درخواست نمٹا دی جائے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے دباؤ میں آئے بغیر میرٹ پر کیس سنا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے سنتھیا ڈی رچی کیس کا معاملہ جسٹس فار پیس کو بھیجنے بارے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف رحمان ملک کی جانب سے درخواست خارج کردی ہے۔