سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمہ کی انتہائی خوفناک واردات

مالکہ پر قاتلانہ حملے کے بعد چھٹی منزل سے کُود کر خود کُشی کر لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 30 ستمبر 2020 16:22

سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمہ کی انتہائی خوفناک واردات
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 ستمبر2020ء) سعودی عرب میں ایک غیر ملکی ملازمہ کی جانب سے انتہائی انوکھی واردات پیش آئی ہے جس نے پہلے اپنی مالکہ پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر خود کو چھٹی منزل کی بالکونی سے گرا کر خود کُشی کر لی۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق طائف کی رہائشی خاتون اُم نائف نے بتایا کہ انہوں نے گھر کے کاموں کے لیے ایک غیر ملکی ملازمہ منگوائی تھی ۔

اس بزرگ ملازمہ کو آئے ابھی 18 روز ہی گزرے تھے جب اس نے اچانک نامعلوم وجوہات کی بناء پر اُس پر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا اور پھر اس کے فلیٹ کی چھٹی منزل سے کُود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اُم نائف نے ایک ریڈیو پروگرام میں بتایا ”میں کچن میں مصروف تھی، جب اچانک ملازمہ نے اس کے سر پر چاقو سے وار کیا ۔

(جاری ہے)

میں اس کے حملے سے خوف زدہ ہو کر فوراً فلیٹ کا دروازہ کھول کرلفٹ کی جانب بھاگی تو آس پاس کے پڑوسی بھی باہر نکل آئے۔

میں نے انہیں ملازمہ کے قاتلانہ حملے سے آگاہ کیا۔ میرے سر سے خون بہتا دیکھ کر ایمبولینس بلوا لی۔ مجھے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد جب پولیس اور طبی امداد کا عملہ فلیٹ میں داخل ہوا تو یہ دیکھ کر ان کی حیرانی کی انتہا نہ رہی کہ ملازمہ نے کچن کی کھڑکی سے چھلانگ لگا کر خود کُشی کر لی تھی۔ اس کی لاش گراؤنڈ فلور پر پڑی دکھائی دی۔ سب یہ واقعہ دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔

بعد میں جب ملازمہ کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو انکشاف ہوا کہ اس نے پہلے سے اس حملے کی منصوبہ بند ی کر رکھی تھی۔ اس کے بیگ میں سے کئی نوکیلے اوزار برآمدہوئے۔ لگتا یہی تھا کہ وہ اس وقت قاتلانہ حملہ کرنا چاہتی تھی جب وہ سو رہی ہوتی، تاہم اپنے ارادے میں ناکام ہونے کی وجہ سے اس نے کچن میں یہ واردات انجام دینے کی کوشش کی۔ اُم نائف نے ملازمہ کی موت پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بزرگ ملازمہ کا ہر ممکن خیال رکھتے تھے۔ وہ اور اس کا بیٹا ملازمہ کو تحائف لا کر دیتے تھے۔ یہاں تک کہ اسے مسجد الحرام لے جانے کی بھی پیشکش کی گئی تھی، مگر اس نے انکار کر دیا۔