وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں

اور مہنگائی میں بتدریج کمی ہو گی، نواز شریف نے لندن میں سیاسی پناہ نہیں لی، حکومت انہیں جلد از جلد واپس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی، حکومت اپوزیشن کا مقابلہ سیاسی طریقے سے کرے گی، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

بدھ 30 ستمبر 2020 22:43

وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور آہستہ آہستہ مہنگائی میں کمی ہو گی، عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہوئے ہیں، انہوں نے نے ابھی تک لندن میں سیاسی پناہ نہیں لی، حکومت انہیں جلد از جلد واپس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری ہونے کے بعد اپنی کارکردگی کا حساب دے گی جس کے بعد عوام آئندہ انتخابات میں دوبارہ پی ٹی آئی کی قسمت سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

علی محمد خان نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کا مقابلہ سیاسی طریقے سے کرے گی، جلسے جلوس اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے تاہم حکومت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی ملک میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا دوست ملک ہے، پاکستان نے بہت سارے معاملات میں اس کے ساتھ تعاون کیا ہے، نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، وہ عدالت کی ضمانت پر علاج کیلئے گئے ہوئے ہیں، امید ہے کہ برطانیہ سابق وزیراعظم کی حوالگی کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے گارنٹی دی تھی کہ نواز شریف واپس آئیں گے، نواز شریف خود تین مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو قانون اور عدالتوں کے سامنے پیش کریں۔ علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک بھاگ جانے سے ان کی جماعت کو سیاسی اور اخلاقی طور پر بہت نقصان پہنچا ہے، عوام بھی دیکھ رہے ہیں کہ جب یہ لوگ اقتدار میں ہوتے ہیں تو یہاں ہوتے ہیں اور اپوزیشن میں جاتے ہی یہ انہیں مشکلات میں چھوڑ کر بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف علاج کرانا چاہتے ہیں تو عدالتوں میں اپنی میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری قانونی معاملہ ہے، ان کی ضمانت حکومت نے نہیں عدالت نے منسوخ کی ہے، انہیں خود کو بے گناہ ثابت کرنے کیلئے قانونی جنگ لڑنی چاہیے۔ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کیلئے نہیں ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں، حکومت کو اے پی سی سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پہلی مرتبہ اسمبلی سے باہر ہوئے ہیں اسلئے وہ حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن کو اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم پیپلزپارٹی کبھی سندھ حکومت نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں استعفے دیں گی تو حکومت ضمنی انتخابات کرائے گی۔