سعدیہ دانش نے دیامیر 4 تانگیر سے انتخابات کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

جمعرات 1 اکتوبر 2020 00:49

گلگت ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے جی بی ایل اے 81 دیامیر 4 تانگیر سے انتخابات کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔سعدیہ دانش جب کاغذات نامزدگی جمع کرنے چلاس پہنچیں تو پیپلز پارٹی کے کارکنوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر دیامیر کے عمائدین اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سعدیہ دانش کو دیامیر میں خوش آمدید کہا اور تانگیر سے بطور امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔اس موقع پر سعدیہ دانش نے دیامیر، تانگیر کے عمائدین،عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج دیامیر کے غیور عوام نے جو عزت بخشی ہے اسے کبھی نہیں بھلا سکتی ہوں۔

(جاری ہے)

دیامیر کے غیرت مند اور مہمان نواز عوام نے بطور بیٹی اور بہن کے بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔ دیامیر گلگت بلتستان کا مثبت چہرہ ہے اور انشاء اللہ انتخابات میں کامیاب ہو کر دیامیر خصوصاًً تانگیر کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کروں گی۔ تانگیر بلند حوصلہ اور بہادر لوگوں کی سرزمین ہے اور پندرہ نومبر کو یہ سرزمین مہمان نوازی اور وفاداری کی نئی تاریخ رقم کرے گی۔