متروکہ وقف املاک بورڈ کے ممبران کا 331واں اجلاس ،جی ٹی روڈ نوشہرہ دریائے کابل کے کنارے واقع 39 کنال 6مرلے قیمتی اراضی کو دوبارہ نیلام کرنے کی منظوری

جمعرات 1 اکتوبر 2020 01:08

لاہور۔30ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے ممبران کا 331واں اجلاس زیر صدارت چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد منعقد ہوا ،جس میںملک بھر سے سرکاری و غیر سرکاری اور ہندو و سکھ ممبرز بورڈ نے شرکت کی۔ بورڈ نے پاکستان میں موجو د ٹرسٹ بورڈ کی تقریبا 7582مقامات پر موجود زرعی و اربن پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کر کے ڈیٹا مرتب کرنے کی منظور ی دی ۔

اجلاس میں متفقہ طور پر پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کی درخواست پر ضلع مانسہر ہ میں موجود تاریخی گورو دوارہ کو بحال کرنے اور مقامی میونسپل کمیٹی سے اسے واپس لینے کی منظوری دی گئی ۔بورڈ ممبران نے گورو دواروں کی بحالی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے اقدامات کی تعریف کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جی ٹی روڈ نوشہرہ دریائے کابل کے کنارے والے واقع39کنال 6مرلے قیمتی اراضی کو بمطابق قانون دوبارہ نیلام کرنے کی بھی منظوری دی ۔

اہم امور کے مختلف ایجنڈا آئیٹم زیر غور آئے جن پر مشاورت کے بعد منظوری دی گئی ۔ ننکانہ صاحب میں وفاقی کابینہ کے احکامات کے مطابق ریکوری بارے بورڈ کو آگاہی دی گئی اورای ٹی کمپلیکس ،گرین ٹاور اسلام آباد میں نئی لفٹس نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں ٹرسٹ بورڈ کی بہتری اور آمدن میں اضافہ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔