پاکستان افغانستان کے ساتھ تمام ایشوز پر بات چیت چاہتا ہے تاکہ مسائل کا قابل عمل حل ہو، ہمارے عوام افغانستان کے ساتھ پارلیمانی ، عوامی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

جمعرات 1 اکتوبر 2020 01:17

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تمام ایشوز پر بات چیت چاہتا ہے تاکہ مسائل کا قابل عمل حل ہو، بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام افغانستان کے ساتھ پارلیمانی ، عوامی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں،افغانستان ایک بڑا علاقہ ہے اور افغانستان کے راستہ وسطی ایشیا اور افریقہ تک رسائی ہونی چاہیے تاکہ ملکی برآمدات اور تجارت میں اضافہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی زیادہ تر ترجیحات افغانستان کے ساتھ تجارت سے متعلق ہیں، سرحد کے دونوں اطراف ایک ہی طرح کے قبائلی لوگ آباد ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف ایشوز پر بات چیت کے لئے ہمارے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ایک وفد نے کابل کا دورہ کیا اور میں نے افغانستان کے سپیکر کے ساتھ ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک صنعتی شعبہ کے لئے دستیاب پراڈکٹس سے فائدہ اٹھانا چا ہتے ہیں ، دونوں ممالک زرعی شعبہ کی ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے لئے نئی ویزہ پالیسی گیم چینجر ہوگی انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر منڈیوں کے قیام سے خطہ میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس سے روز گار کے موقع بھی پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ ملے گا ۔