ضیاء الحق سے لے کر مشرف این آر او تک نوازشریف کا نظریہ صرف اپنے ذات تک ہے، شہباز گل

کرپشن کے پیسوں پر بننے والے عالیشان ایون فیلڈاپارٹمنٹس میں عیش کرنیوالے آج نظریاتی بننے کا ڈرامہ رچا رہے ہیں، معاون خصوصی نواز شریف الطاف حسین ثانی بن چکے ہیں، لندن میں بیٹھ کر معزز عدلیہ اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، بیان

جمعرات 1 اکتوبر 2020 01:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ضیاء الحق سے لے کر مشرف این آر او تک آپکا نظریہ صرف اپنے ذات تک ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ نواز شریف کتنے نظریاتی ہیں قوم جانتی ہے، ضیاء الحق سے لے کر مشرف این آر او تک آپکا نظریہ صرف اپنے ذات تک ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم ہو کر عرب کا اقامہ ہولڈر نوکر کس نظریے کی بات کرتے ہیں، کرپشن کرکے اپنے بیٹوں اور سمدھی سمیت مفرور اشتہاری عزت کی بات کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن کے پیسوں پر بننے والے عالیشان ایون فیلڈاپارٹمنٹس میں عیش کرنیوالے آج نظریاتی بننے کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف الطاف حسین ثانی بن چکے ہیں، لندن میں بیٹھ کر معزز عدلیہ اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف ملک دشمن قوتوں کی ایماء پر غیرملکی بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انکی ساری زندگی جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مشتمل ہے۔ انہوںنے کہاکہ جعلی نظریاتی بڑے میاں کو چاہیے کہ ملک واپس آئیں اور اپنے کیسز کا سامنا کریں۔