احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے وہ اہل خاندان جنہیں بائیو میٹرک تصدیق یا اہل افراد کی وفات کے سبب 12,000 روپے کی امدادی رقم کی ادائیگی نہیں ہو سکی ان کو ادائیگیاں 30 اکتوبر 2020ء تک جاری رہیں گی

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کاسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام

جمعرات 1 اکتوبر 2020 01:52

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے وہ اہل خاندان جنہیں بائیو میٹرک تصدیق یا اہل افراد کی وفات کے سبب 12,000 روپے کی امدادی رقم کی ادائیگی نہیں ہو سکی ان کو ادائیگیاں 30 اکتوبر 2020ء تک جاری رہیں گی۔ احساس کے ان صارفین کو درخواست دینے کے لیے 30 ستمبر 2020کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش کے وہ صارفین جنہیں انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے مسائل درپیش ہیں اور وہ مستحق خاندان جن میں امدادی رقم کے اہل افراد کی وفات ہو چکی ہے، سے درخواست وصولی کا عمل آج مکمل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان صارفین کو امدادی رقم کی شفاف و باسہولت ادائیگی یقینی بنانے کے لئے ادائیگیوں کی تاریخ میں 30 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

دو ہفتے قبل احساس نے ایک نئے آن لائن پورٹل کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعے انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے مسائل سے دوچار صارفین نہایت آسان طریقہ سے اپنی درخواست رجسٹر کرا سکتے تھے۔ اسی طرح وہ لواحقین جن کے خاندان کے اہل افراد وفات پا چکے ہیں ان کی سہولت کے لئے درخواست دینے کا ایک متبادل طریقہ کار وضع کیا گیا تھا جس میں وفات پانے والے اہل افراد کے خاندان کو معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے نام براہ راست ایک درخواست لکھ کر ایف بلاک، پاک سیکرٹیریٹ، اسلام آباد کے پتہ پر بھجوانی تھی۔

اس درخواست کے ساتھ وفات پانے والے اہل فرد کے نادرا سے تصدیق شدہ ڈیتھ سرٹیفیکیٹ و شناختی کارڈکی کاپیاں اور خاندان میں موجود اہل فرد کا نام و شناختی کارڈ کی کاپیاں منسلک کرنا لازمی تھا۔ احساس کی جانب سے فیلڈ میں ایمرجنسی کیش کی ادائیگی کے عمل کی مکمل نگرانی کی جاتی رہی ہے اور اس دوران صارفین کو پیش آنے والے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے پالیسی اقدامات بروقت لئے جاتے رہے ہیں۔

ایمرجنسی کیش پروگرام کے مسائل سے دوچار ان اہل صارفین کو ادائیگی کے لیے احساس پوری طرح سے کوشاں ہے۔ احساس آفس میں اب تک بذریعہ ڈاک اور آن لائن پورٹل موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ ان صارفین کوامدادی رقوم کی ادائیگیاں طے شدہ ٹائم فریم کے اندر کر دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :