آئی اے ای اے کا ایرانی جوہری تنصیبات کا جائزہ‘ماحولیاتی نمونے لئے گئے

یہ نمونے اور گزشتہ جائزے کے نمونے بھی لیبارٹری بھیج دیے جائیں گے اورجوہری مواد کا سراغ لگایا جائے گا

جمعرات 1 اکتوبر 2020 12:40

آئی اے ای اے کا ایرانی جوہری تنصیبات کا جائزہ‘ماحولیاتی نمونے لئے ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی (آئی اے ای ای) نے ایران کی جانب سے سابقہ خفیہ جوہری تنصبیات تک رسائی کی اجازت کے بعد دوسرے مقام کا جائزہ لیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے بعد دوسرے جوہری مقام کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی اے ای اے نے مذکورہ مقام کا نام نہیں بتایا لیکن یہ واضح کیا جاچکا ہے کہ 2003 میں مشکوک سرگرمیاں ہو رہی تھیں تاہم اب آئی اے ای اے اور امریکی خفیہ ایجنسیوں کو یقین ہے کہ ایران نے خفیہ جوہری سرگرمیوں کو ختم کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے نے بیان میں کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی کے معاہدے کے مطابق رواں ہفتے دوسرے مقام کا جائزہ لیا گیا اور ماحولیاتی نمونے لیے گئے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ یہ نمونے اور گزشتہ جائزے کے نمونے بھی لیبارٹری بھیج دیے جائیں گے اورجوہری مواد کا سراغ لگایا جائے گا جو آئی اے ای اے کا بنیادی کام ہے اور یقینی بنانا ہے کہ یہ مواد اسلحہ کے تیاری میں استعمال نہ ہو۔

خیال رہے کہ ایران، جوہری ہتھیار بنانے کے بیانات کو مسترد کرتا رہا ہے۔ایران کی اٹامک انرجی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال واندی نے آئی اے ای اے کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ایجنسی اس معاملے پر امریکا کو الزامات سے روکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئی اے ای اے کے ساتھ اختلافات تھے اور اس اختلاف کی وجہ سے سیاسی دباؤ بڑھ رہا تھا، امریکا جیسا ملک اس کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا تھا۔واضح رہے کہ رواں برس اگست میں ایران نے اقوام متحدہ کے ادارے آئی اے ای اے کے ساتھ ایک ماہ کی کش مکش کے بعد 2 سابقہ خفیہ ایٹمی تنصیبات تک رسائی دینے پر اتفاق کرلیا تھا۔