تبدیلی سرکار نے عوام کوریلیف دینے کی بجائے اُن پر مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا ،آصف شہزاد

مہنگائی نے غریب طبقے کی کمر توڑ دی ،دالیں، چینی، آٹاعوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں،جنرل سیکرٹری پی پی 165کی گفتگو

جمعرات 1 اکتوبر 2020 12:47

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی پی پی 165کے جنرل سیکرٹری آصف شہزادنے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ جتنا چاہے زور لگا لے پاکستان پیپلزپارٹی کو ملکی سیاست سے آؤٹ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا,انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نظریاتی جماعت، وفاق کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے،کاہنہ میڈیا کلب(رجسٹرڈ) میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے محمدآصف شہزاد نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے سرزمین وطن پر جمہوریت کے پودے کی اپنے خون سے آبیاری کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی الزام تراشیوں اور انتقام کی سیاست کے باوجود پاکستان کے غیور عوام پیپلزپارٹی کی پشت پر ہیں،آصف شہزادنے کہا کہ تبدیلی سرکار نے عوام کوریلیف دینے کی بجائے اُن پر مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا ہے،وطن عزیز میں غربت، بیروزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے۔آصف شہزادنے کہا کہ مہنگائی نے غریب اور سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ دالیں، چینی، آٹا، سبزی سمیت تمام اشیائے خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں اور موجودہ حکومت کی نااہلی و نالائقی کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آچکا ہے۔