برآمدات میں اضافہ اور دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعظم عمران خان

تعمیرات اور صنعتی شعبے کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور نوکریوں کے بہتر اور زیادہ مواقع پیدا ہوں گے، مینو فیکچررز اور مختلف ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے گفتگو

جمعرات 1 اکتوبر 2020 23:29

برآمدات میں اضافہ اور دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تعمیرات اور صنعتی شعبے کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور نوکریوں کے بہتر اور زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ جمعرات کرو وزیر اعظم عمران خان نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مینوفیکچررز اور مختلف ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے ملاقات کی جس میں میاں ذکاء الرحمان، اعظم فاروقی، انیس خواجہ، میاں ادریس، عمر احسن خان، شاہد عبداللہ، کریم عزیز ملک، عباس اکبر خان، عاطف اکرم شیخ، سعادت اعجاز اور الماس حید ر شامل تھے ۔

وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر و دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد ممبران فارما، سیمنٹ، ٹیکسٹائل، کیمیکلز، ہوم اپلائنسز، پیکیجنگ و دیگر صنعتوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔ مختلف شعبوں سے متعلق معاملات، درپیش مسائل اور ان مسائل کے حل کے سلسلے میں کی جانے والی حکومتی کوششوں پر بات چیت کی گئی ۔

وفد نے صنعتی شعبے کے فروغ کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں اور دیگر انڈسٹری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا۔صنعتی شعبے کے مزید فروغ اور ان کی سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کی گئیں ۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ ملکی معیشت مستحکم ہو۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کی سہولت کاری اور ان کو تمام ممکنہ مراعات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ تعمیرات اور صنعتی شعبے کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور نوکریوں کے بہتر اور زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کے فروغ کے حوالے سے ہر تجویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔