آمدن سے زائد اثاثہ جات ،رہنما پیپلز پارٹی مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

جمعرات 1 اکتوبر 2020 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جلیل الزماں اور دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انوسٹی گیشن جاری ہے، سابق اے ڈی اے او حیدر آباد مشتاق احمد شیخ اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری کی 10 فروری 2017 کو منظوری دی گئی جو کہ 28 اپریل 2017 کو انوسٹی گیشن میں تبدیل کی گئی جبکہ 6 جون 2017 کو ریفرنس نمبر 12/2017 احتساب عدالت حیدر آباد میں دائر کیا گیا جس میں قومی خزانے کو 704.778 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا جبکہ ڈی جی نیب کراچی نے 6 جون 2017 کو مزید انکوائری کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

ملزم مخدوم جلیل الزماں مذکورہ ملزم مشتاق احمد شیخ کی جانب سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم سے مستفید ہونے والا ہے۔ مزید براں انہوں نے ملزم مشتاق شیخ سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم سے مستفید ہونے کا اعتراف کیا اور پلی بار گین کے ذریعے رقم کی واپسی کی درخواست دی تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ ملزم جلیل الزماں 2001 سے 2010 کے دوران تحصیل ہالا کے سابق تحصیل ناظم رہے۔

انہوں نے مذکورہ ملزم مشتاق شیخ سے اپنے اکاو نٹ میں 12 اگست 2012 کو 6 ملین روپے اور اپنی اہلیہ کے اکاو نٹ میں 14 اپریل 2015 کو 1.5 ملین روپے وصول کئے۔ ملزم مشتاق احمد شیخ نے فلیٹ نمبر 4 بلڈنگ نمبر 24 ڈی (24 کمرشل سٹریٹ) فیز II ڈی ایچ اے کراچی میں 2015 میں ملزم مخدوم جلیل الزماں کے سالے کے نام پر خریداری کر کے 7.5 ملین روپے کی رقم ادا کی۔ ملزم جلیل الزماں نے 19 اکتوبر 2018 میں نیب آرڈیننس کے تحت پلی بار گین کی درخواست دی جو کہ 15 ملین روپے کی رقم کی واپسی کی شرط پر مجاز حکام کو منظوری کیلئے بھیجی گئی۔

مذکورہ ملزم نے 3 جنوری 2019 کو 7.5 ملین روپے کے پے آرڈر کے ساتھ سٹامپ پیپر جمع کرایا اور مذکورہ فلیٹ کو چھوڑنے پر اتفاق کیا لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ متعدد نوٹسز بھیجنے کے بعد وہ اپنی پلی بار گین کے وعدے کو پورا نہیں کر سکے جس کے بعد مجاز حکام نے ان کی درخواست کو منسوخ کر دیا۔ احتساب عدالت حیدر آباد نے مذکورہ ملزم کو 8 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔