کورونا وائرس کیسز میں پھر سے اضافہ، 6 اضلاع خطرناک قرار

تمام اضلاع کراچی کے ہیں، لوگوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت، جبکہ کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز

جمعرات 1 اکتوبر 2020 23:18

کورونا وائرس کیسز میں پھر سے اضافہ، 6 اضلاع خطرناک قرار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2020ء) کورونا وائرس کیسز میں پھر سے اضافہ، 6 اضلاع خطرناک قرار، تمام اضلاع کراچی کے ہیں، لوگوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت، جبکہ کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے 6اضلاع کو عالمی وبا کورونا وائرس کا ہاٹ اسپاٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر ندیم شیخ کے مطابق ضلع جنوبی کے 24 مقامات اور ضلع ملیر کے 41مقامات پر ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی ہوئی ہے، ضلع غربی کے صرف 2 مقامات ایسے ہیں جو ہاٹ اسپاٹ میں آتے ہیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر ندیم شیخ کے مطابق ضلع کورنگی کے 39 گھروں کی ہاٹ اسپاٹ کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے جبکہ ضلع وسطی میں 46 گھر ایسے ہیں جہاں کورونا وائرس کے کیسز موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی نے بتایاکہ ضلع شرقی میں 637 گھر کوروناوائرس ہاٹ اسپاٹ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہاٹ اسپاٹس میں رہائش پزیر لوگوں کو ایس او پیز کی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ جبکہ اس تمام صورتحال میں شہرقائد کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ کراچی میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مائیکرواسمارٹ لاک ڈائون سے متعلق موصول ہونے والی فہرست اور خط میں کہا گیا ہے کہ ضلع وسطی کے 4 علاقوں میں کرونا کے 46کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی میں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ اور لیاقت آباد شامل ہیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ضلع شرقی کے علاقوں سے بھی کرونا کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، ضلع شرقی میں گلشن اقبال، یوسی 14 اور یوسی 6 شامل ہے۔اس کے علاوہ جمشیدٹائون، یوسی7، یوسی10، الخلیج ٹاور اور المصطفیٰ کے علاقے بھی ضلع شرقی کا حصہ ہیں جہاں پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔خط میں زور دیا گیا ہے کہ کرونا کا پھیلا ئوروکنے کے لیے فوری اسمارٹ لاک ڈائون لگایا جائے۔