پاکستان کے بعد آذربائیجان نے بھی دیریلیس ارطغرل سرکاری چینل پر دکھانے کا فیصلہ کرلیا

آذربائیجان کی آرمینیا کے ساتھ سرحدی تنازع پر شروع ہونے والی مسلح جھڑپوں میں ترکی کی جانب سے حمایت کے بعد دونوں ممالک کی قربتوں میں اضافہ ہوا ہے

جمعہ 2 اکتوبر 2020 00:09

پاکستان کے بعد آذربائیجان نے بھی دیریلیس ارطغرل سرکاری چینل پر دکھانے ..
باکو(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 01 اکتوبر2020ء) پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والی سیریز دیریلیس ارطغرل اب آذربائیجان میں بھی نشر کیا جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آذر بائیجان کے سرکاری ٹیلی وژن اے زیڈ ٹی وی نے کہا ہے کہ انہوں نے ترک ڈرامہ دیریلیس ارطغرل کو نشر کرنے کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ 2014 میں دیریلیس ارطغرل نشر ہونے کے بعد سے ہی آذر بائیجان میں مقبول ہونا شروع ہو گیا تھا۔

ڈرامہ یوٹیوب اور نیٹ فلکس پر دیکھا جاسکتا تھا لیکن اب یہ سرکاری چینل پر ہفتے کے پانچ روز نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈرامے کی 150 اقساط کی ڈبنگ اور ایڈیٹنگ کا کام بھی شروع کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ خلافت عثمانیہ کے قیام سے قبل کے ترکی اور اسلامی دنیا کے حالات پر بنائی گئی یہ ٹی وی سیریز مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان میں مقبولیت کے سارے ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

(جاری ہے)

اور اب یہ سیریز ترکی کے پڑوسی ملک آذربائیجان میں بھی سرکاری ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔آذربائیجان کی آرمینیا کے ساتھ سرحدی تنازع پر شروع ہونے والی مسلح جھڑپوں میں ترکی کی جانب سے حمایت کے بعددونوں ممالک کی قربتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل پاکستان میں ارطغرل غازی کو سرکاری ٹیلی وژن پر وزیراعظم کے حکم پر نشر کیا جا رہا ہے جس کے بعد اس ڈرامے کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں یہ سیریز وزیراعظم عمران خان کے حکم پر شروع کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے آج ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ انہوں نے یہ سیریز اسی لیے پاکستان میں شروع کروائی کہ یہ بے حیائی سے پاک پراڈکشن ہے۔ اور یہ ہماری نوجوان نسل کو اسلامی روایات و اقدار سے متعارف کروانے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔