چائلڈ لیبر کا خاتمہ سیالکوٹ کی کھیلوں کے سامان کی صنعت کا قابل فخر کارنامہ ہے، قیصر اقبال

سیمینار کا مقصد کاروباری و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آگاہی فراہم کرنا ہے، سیالکوٹ میں چائلڈ لیبر پر منعقدہ سیمینار سے ذکی احمد خان،مجید عزیز اورددیگر کا خطاب

جمعہ 2 اکتوبر 2020 15:00

چائلڈ لیبر کا خاتمہ سیالکوٹ کی کھیلوں کے سامان کی صنعت کا قابل فخر کارنامہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2020ء) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایس سی سی آئی ) کے صدر قیصر اقبال بریار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں کھیلوں کے سامان کی صنعت میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ قابل فخر کارنامہ ہے جو اس صنعت کے وعدوں کی پاسداری اور مربوط کوششوں کے نتیجے میں ہی ممکن ہوا۔ بات انہوں نے کھیلوں کے سامان کی صنعت میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے موضوع پر ای ایف پی اور آئی ایل او کے زہر اہتمام سیالکوٹ چیمبر کے تعاون سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کہی۔

قیصر اقبال نے ای ایف پی اور آئی ایل او کی جانب سے بروقت سیمینار کے انعقاد کو سراہا جس کا مقصد چائلڈ لیبر کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کھیلوں کے سامان کی صنعت کے ذریعے روشن خیال کاموں کو عام کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں صنعت کے دیگر شعبوں میںاچھے طریقہ کار کی تقلید کرنے کا یہ سب سے مناسب وقت ہے۔ قبل ازیں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) کے نائب صدر ذکی احمد خان نے چائلڈ لیبر کے مسئلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ سیمینار کے انعقادکا مقصد کاروباری و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو چائلڈ لیبر کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ اس مسئلے سے نمٹنے کے راستے تلاش کیے جاسکیں۔

انہوں نے ایم این ای ڈی پروجیکٹ میں ای ایف پی کے ساتھ تعاون کرنے پر آئی ایل او اور سیالکوٹ چیمبر کا شکریہ ادا کیا جس کا مقصد معاشرتی ذمہ دار پوری کرتے ہوئے سیالکوٹ کی کھیلوں کے سامان کی صنعت میں لیبر پریکٹس کے ذریعے ملازمتوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔سیمینار میں کھیلوں کے سامان کی صنعت، پریگمیا، ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس، ہوزری مینوفیکچررز، لیدر اور ٹینری انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی اور ممتاز رہنماؤں نے خطاب کیا جس میں آئی ایم اے سی کے سی ای او ناصر ڈوگر، ویژن ٹیکنالوجیز کے سی ای او احسن نعیم، ڈائریکٹر فارورڈ گروپ میجر(ر) خواجہ جاوید اور انور خواجہ انڈسٹری کی نمائندگی محترمہ انیتا اختر نے کی۔

مقررین نے صنعت کے ذریعے کیے گئے تجربات اور کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال اور تجربات بیان کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں صنعتوںکے دیگر شعبوں میں بھی اس پر عمل درآمد کیا جائے۔اختتامی سیشن میں پریگمیا کے چیف کوآرڈی نیٹر اعجاز کھوکھر ، سی ای اوکیپٹل اسپورٹس ڈاکٹر نعمان بٹ، ای ایف پی کے سابق صدر مجید عزیز اور آئی ایل او کے سینئر اسپیشلسٹ صغیر بخاری نے بھی خطاب کیا اور کھیلوں کے سامان کی صنعت کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے چائلڈ لیبر کے مسئلے کو عملی طور پر حل کرنے پر ان کی تعریف کی۔