راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا ڈیجیٹیل ادائیگیوں کو ترویج دینے کا مطالبہ

جمعہ 2 اکتوبر 2020 16:37

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2020ء) : راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے ڈیجیٹیل ادائیگیوں کے نظام کو ترویج دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملک میں ای کامرس کی ترقی کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر مرزا نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی جبکہ پاکستان میں40فی صد بر آمدات متاثرہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ پاکستان میں ای کامرس مارکیٹ پچاس ارب روپے سے زائدپرمشتمل ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر واحد شعبہ ہے جو گزشتہ پانچ سال میں بیس سے چالیس فیصد اضافہ ظاہر کر رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ، موبائل ایپ اور ای شاپس نے انقلاب برپا کر دیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے ای کامرس پالیسی فریم ورک کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ حکومت ای کامرس کے فروغ کے لیے مزید سہولیات اور اقدامات کرے۔ای کامرس کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل پے منٹ نظام کو ترویج دینا ہو گی۔