ڈیجیٹل سکیورٹی کے لیے ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے، ایس ڈی پی او شفقت ندیم عطائ

جمعہ 2 اکتوبر 2020 17:25

احمدپورشرقیہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2020ء) : ملک بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم پر قابو پانے کے لیے سائبر سکیورٹی آف پاکستان کی جانب سے پانچ روزہ سائبر سکاؤٹس کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کی تقریب تقسیم اسنادو حلف برداری میں مہمانِ خصوصی ایس ڈی پی او شفقت ندیم عطائ نے کہا کہ ڈیجیٹل سکیورٹی کے لیے ہمیں ملک بھر میں آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے۔

موجودہ دور میں سائبر سکیورٹی کی ضرورت و اہمیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ امید ہے کہ مستقبل میں یہ نوجوان سکاؤٹس ملک و قوم کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ اس موقع پرچیف ٹیکنالوجی آفیسر سائبر سکیورٹی آف پاکستان محمد اسد الرحمن نے ٹریننگ کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائمز پر قابو پانے اور سائبر سیفٹی کے فروغ کے لیے سائبر سکیورٹی آف پاکستان کی جانب سے پانچ روزہ آن لائن ٹریننگ کا انعقاد کیا گیاتھا جس میں ملک بھر سے پولیس، نیب، منسٹری آف ڈیفینس، ایجوکیشن، ہیلتھ، بینک،طلبائ و طالبات اوردیگر اداروں سے اراکین کی کثیر تعداد کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو محفوظ کرنے،آن لائن ڈیٹا چوری ہونے سے بچانے اور سائبر سکیورٹی کے متعلق تربیت دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف منسٹر سپوکس پرسن سمیرا ملک نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کے عام ہونے کی وجہ سے سائبر کرائمز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ٹریننگ کے بعد عام شہری اس قابل بن جاتے ہیں کہ وہ انٹرنیٹ کا محفوظ طریقے سے استعمال کرسکیں تاکہ ایسے مسائل کی نوبت ہی نہ آئے۔اگر پھر بھی اس طرح کا مسئلہ پیش آتا ہے تو گھبرانے کے بجائے اپنے قومی اداروں کے تعاون سے ان مسائل سے نمٹنے کا طریقہ کار بتایا گیا۔

ٹریننگ کے اختتا م پر پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی اور سکاؤٹس سے آئین کی وفاداری کا حلف لیا گیا۔اس موقع پرمہمان اعزاز ڈائریکٹر آئی ٹی اسلامیہ یونیورسٹی رضوان مجید، پروفیسر ڈاکٹر مدحت کامل حسین، مسزآسیہ کامل کے علاوہ ملک طارق ارائیں، ملک ریاض، میاں اقبال کھچی، شیخ عمار،غازی محمد حسنین رضا ہاشمی و دیگر کثیر تعداد نے شرکت کی۔\378