پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنانے والے شہید اور زخمی ہونے والے بہادروں کو خراج تحسین

جمعہ 2 اکتوبر 2020 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2020ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 29 جون 2020 کو ہونے والے دہشت گردی کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے والے سپاہیوں کو ایک خصوصی تقریب میں خراج تحسین پیش کیا ۔ اسٹاک ایکسچینج کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کے نذرانے پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شہدا کے ناموں پر ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی گئی۔

مزید برآں، ان کی قربانیوں کو ستائش کے سلسلے میں شہدا کے خاندانوں اور زخمی ہونے والوں کی مالی معاونت کے لیے امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والوں اور حفاظتی فرائض پر مامور تمام اہکاروں میں بھی رقوم کے چیک تقسیم کیے گئے۔پی ایس ایکس نے دوسرے ڈونرز کے تعاون سے ایک ایسا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کے ذریعے شہدا کے خاندانوں کی ایک طویل عرصے تک مالی امداد کی جاتی رہے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ایس ایکس بورڈ سلیمان ایس مہدی، پی ایس ایکس اراکین بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایکس فرخ ایچ خان، چیئرمین پاکستان اسٹاک برکروز ایسوسی ایشن (پی ایس بی ای) عقیل کریم ڈھیڈی، سیکرٹری جنرل پی ایس بی اے بلال فاروق زردی، اراکین پی ایس بی اے بورڈ، پی ایس ایکس کے اعلی انتظامی عہدیداروں اور دہشت گردی کے حملے کے متاثرین کے لیے امدادی فنڈ میں عطیات دینے والوں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔

عطیات دینے والوں میں بروکریج ہاسز، اے ایم سیز اور دیگر شامل ہیں۔ اس فنڈ میں نمایاں حصہ ڈالنے والوں میں پی ایس ایکس کا بورڈ و اسٹاف، عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، غنی عثمان، عظنیم بلوانی، عمران ہارون، داد جان محمد، فواد یوسف، حنیف باوا، امجد (پرل سیکورٹیز), نہال علی قاسم، حنیف ڈار، اقبال عثمان، امین تائی، سہیل (ٹاپ لائن), فاروق ڈار، عبدلرزاق کپاڈیہ، قاسم لاکھانی، انیس الرحمن، صدیق دلال، وائی ایچ سیکورٹیز، ڈارسن سیکورٹیز، شیرمن سیکورٹیز، محمد منیر محمد احمد خانانی سیکورٹیز، الفلاح انویسٹمنٹس اور المیزان انوسٹمنٹ مینجمنٹ لمٹیڈ شامل ہیں۔

تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سب سے اہم افراد حملے میں شہید ہو جانے والوں کے اہل خانہ تھے۔ انہیں اس تقریب میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ 29 جون 2020 کو پیر کی صبح دہشت گردوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کر کے پاکستان کی معیشت کے اس اہم ستون کو نقصان پہنچانے اور تباہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ ایکسچینج کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ایکسچینج، اس کے اسٹاف ، بروکرز اور اس کے دورے پر آئے ہوئے دیگر افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

مزید برآں، ان بہادر اہکاروں کی وجہ سے دہشت گردوں کے ہاتھوں اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دہشت گردوں کے حملے کے دوران اور بعد ازاں اسٹاک ایکسچینج میں تجارتی سرگرمی کا بلا تعطل جاری رہنا اس کا ثبوت ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک مستحکم اور فعال ایکسچینج ہے جہاں ہر نوع کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نظام موجود ہے۔

اس سادہ و پر وقار تقریب میں امدادی رقم کے چیک دہشت گردی کے حملے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ میں تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ خان نے شہدا، زخمی اور دہشت گردوں پر حملے کرنے والوں کی خدمات کا اعتراف کیا اور متاثرین کے لیے قائم امدادی فنڈ میں عطیات دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین پی ایس بی اے عقیل کریم ڈھیڈی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

سی ای او پی ایس ایکس فرخ ایچ خان نے اس موقع پر کہا میرے لیے شہید اہلکاروں کے خاندانوں کو خوش آمدید کہنا ایک اعزاز ہے جو ہمیں اور پاکستان کی معیشت کے اہم ستون پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دہشت گردوں کے ہاتھوں نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے دلیری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ۔ ہمارے لیے ان بہادر افراد کی موجودگی بھی فخر اور اعزاز سے کم نہیں ہے جو اسٹاک ایکسچینج کو محفوظ بنانے کے لیے دہشتگردوں سے مقابلے میں زخمی ہوئے اور انہیں انجام تک پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ان تمام کا بھی ممنون ہوں کہ جنہوں نے امدادی فنڈ میں حصہ ڈالا جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے قائم کیا گیا۔ ان میں بروکریج ہاسز، اے ایم سیز، پی ایس ایکس بذاتِ خود، اس کا اسٹاف اور وہ تمام افراد اور ادارے شامل ہیں جنھوں نے دہشت گردی کے حملے کے متاثرین کی مدد اور بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے پی ایس ایکس کے احاطے میں یادگاری تختی کی نقاب کشائی پر بھی مسرت کا اظہار کیا جو رہتی دنیا تک ان بہادروں کی یاد دلاتی رہے گی۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس بی اے عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا چیئرمین پی ایس بی اے اور رکن بروکر کی حیثیت سے مجھے ملکی معیشت کی اہم ستون پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دفاع کرتے ہوئے جانیں قربان کرنے والوں پر فخر یے۔انہوں نے کہا آج ہم انہیں خراج تحسین پیش کرنے اور چیک تقسیم کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جنھوں نے دہشت گردوں کو ہلاک کیا، زخمی ہوئے اور شہید ہوئے۔

وہ اس امدادی رقم کے جائز مستحق ہیں۔انہو نے کہا کہ امداد کی یہ رقم اس قربانی کے سامنے بہت کم ہے جو انہوں نے مادر وطن کے اہم ادارے کے دفاع میں جان دے کر اور زخمی ہو کر دی۔تقریب کا اختتام باوقار انداز میں ان بہادروں کے اعزاز میں یادگاری تختی کی نقاب کشائی پر ہوا جو مادر وطن کے اہم معاشی ستون کا دفاع کرتے ہوئے اپنے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہید ہوئے۔