نہال ہاشمی سے جھگڑنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع

ہفتہ 3 اکتوبر 2020 21:07

نہال ہاشمی سے جھگڑنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما نہال ہاشمی سے جھگڑنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف پولیس انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ کے مطابق ایس پی لانڈھی 3 دن میں انکوائری کرکے رپورٹ دینگے۔فیصل چاچڑ نے کہا کہ پولیس اہلکار راجہ اکرام، کانسٹیبل امان اللہ اور ایس ایچ او رانا حسیب کے خلاف انکوائری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جھگڑے کی جگہ کی سی سی ٹی وی وڈیوزحاصل کی جارہی ہیں۔پولیس کے مطابق انکوائری میں اہلکار ذمے دار قرار پائے تو محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی سے متعلق مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور کر لی۔واضح رہے کہ پولیس نے دعوی کیا تھا کہ گزشتہ رات ملیر کالا بورڈ کے علاقے میں نون لیگی رہنما نہال ہاشمی کے اہلِ خانہ نے پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور اہل کاروں کی وردیاں پھاڑ دیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نہال ہاشمی نے ایس ایچ او پر موبائل فون چھیننے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ اہلکاروں نے انہیں اور ان کی اہلیہ کو دھکے دیئے جس سے اہلیہ زخمی ہو گئیں۔واقعے کے بعد پولیس نے نہال ہاشمی کو ان کے دونوں بیٹوں اور اہلکاروں سمیت حراست میں لے لیا تھا۔