نیشنل ٹی ٹونٹی کپ: ذیشان ملک کی جارحانہ بلے بازی نے ناردرن کو مسلسل چوتھی کامیابی دلادی

سندھ کو 13 رنز سے شکست کا سامنا، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے سندھ کو ہرا کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے

پیر 5 اکتوبر 2020 12:24

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ: ذیشان ملک کی جارحانہ بلے بازی نے ناردرن کو مسلسل ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر2020ء) ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے سندھ کو ہرا کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اوپنر ذیشان ملک کے 84 رنز کی بدولت ناردرن نے سندھ کو 13 رنز سے شکست دے دی۔
 دو سو پانچ رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 191رنز ہی بناسکی۔


 ایک اسکور پر اوپنر شرجیل خان کے پویلین واپس لوٹنے پر خرم منظور اور اعظم خان نے دوسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ خرم منظور 64 اور اعظم خان 28 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
انور علی نے17 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ بنایا مگر وہ بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)


شاداب خان، حارث رؤف اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
 اس سے قبل سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ناردرن کے اوپنر ذیشان ملک نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کی 52 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز میں 9 چوکے اور 1چھکا شامل تھا۔انہوں نے پہلے علی عمران اور پھر حیدر علی کے ساتھ بالترتیب 50 اور 89 رنز کی شراکت قائم کی۔

حیدر علی 35 اور علی عمران 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اننگز کے اختتام پر عمر امین کے ناٹ آؤٹ 20 ر نز کی اننگز کی مدد سے ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر204 رنز بنائے۔
سندھ کیمحمد حسنین اور سہیل خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
 مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ناردرن کے اوپنر ذیشان ملک کا کہنا تھا کہ کھیل کے آغاز سے ہی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی تھی جس کا فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ کی تیار کردہ حکمت عملی کے تحت بیٹنگ کی، خوشی ہے کہ پاور ہٹنگ کی صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھارہا ہوں۔
دونوں ٹیمیں اب 14 اکتوبر کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹکرائیں گی۔