خادم رضوی اور دیگر چھ افراد پرجلسہ کرنے پر مقدمہ درج

فیصل آباد میں تحریک لبیک کے سربراہ کے داخلے پر پابندی عائد ہے. ضلعی انتظامیہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 اکتوبر 2020 13:31

خادم رضوی اور دیگر چھ افراد پرجلسہ کرنے پر مقدمہ درج
فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اکتوبر ۔2020ء) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ خادم رضوی اور دیگر چھ افراد پر چک 124-جی بی میں عوامی اجتماع منعقد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے‘ ضلعی انتظامیہ نے فیصل آباد میں مولانا خادم حسین رضوی کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے گزشتہ اگست میں ایک حکم نامہ جاری کیا تھا.

(جاری ہے)

جڑانوالہ صدر کے انسپکٹر ریاض الدین نے درخواست جمع کرواتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی کانسٹیبل شاہد علی نے انہیں اطلاع دی کہ مولانا رضوی سید کفایت شاہ بخاری کے سالانہ عرس کے سلسلے میں چک 124-جی بی آرہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ منتظم آصف اللہ کو فیصل آباد میں مولانا رضوی کے داخلے پر پابندی سے متعلق نوٹس جاری کیا گیا تھا. انہوں نے بتایا کہ پولیس چک 58 جی بی پل پر پہنچی جہاں انہوں نے 21 اگست کو جاری کردہ ڈپٹی کمشنر کا حکم دکھا کر کارواں کو روکنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے مزاحمت کی اور چک 124-جی بی کی طرف مارچ کیا انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے باوجود مولانا خادم رضوی نے ایک اجتماع سے خطاب کیا، پولیس نے اس کے اور دیگر 6 افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 186، 188 اور 353 اور پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر 1960 کی دفعہ 13 کے تحت مقدمہ درج کیا.

واضح رہے کہ سال 2018 میں توہین مذہب کے مقدمے میں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو رہا کیے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پر تشدد مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا. بعدازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن کیا گیا تھا، اس دوران خادم حسین رضوی کو 23 نومبر 2018 کو 30 روزہ حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے رواں سال جنوری میں انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا.

سول لائنز پولیس نے پاکستان پینل کوڈ ( پی پی سی) کی دفعات 186،427،353،291،290 اور 188، پنجاب آرڈیننس 2015 کے سیکشن 6 اور انسداد دہشت گرد ایکٹ 1997 کے سیکشن 7 ٹی ایل پی راہنماﺅں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا.