صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نئے امیرکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات

پیر 5 اکتوبر 2020 21:05

کویت سٹی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2020ء) : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو نئے امیرکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے کویت سٹی میں ملاقات کی اور مرحوم امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ایوان صدر کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق صدر مملکت پیر کی صبح کویت پہنچے۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے کویت کی قیادت اور قوم کے ساتھ امیر کویت کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے مرحوم امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کو پاکستان کا مخلص اور آزمودہ دوست قرار دیا جنہوں نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب تر لانے میں گراں قدر کردار ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ علاقائی امن اور استحکام اور دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں مرحوم امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی کوششوں کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے نئے امیر کویت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی دانشمندانہ قیادت میں کویت ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن رہے گا۔ شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے اظہار تعزیت کرنے اور کویتی عوام کے ساتھ رنج اور دکھ کی گھڑی میں شریک ہونے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے تمام شعبوں میں پاک۔کویت تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔\867\932