جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو کی چیئرمین ایس ٹی پی ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات

ایس ٹی پی کے زیراہتمام 11 اکتوبر کو فوارہ چوک کراچی پر ہونے والی احتجاجی ریلی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا وفاقی کی طرف سے جزائر کے حوالے سے آنے والے آرڈنینس کو سندھ کے عوام کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے، ڈاکٹر قادر مگسی

منگل 6 اکتوبر 2020 23:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو نے منگل کو چیئرمین ایس ٹی پی ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کی، اس موقع پر ایس ٹی پی کے زیراہتمام 11 اکتوبر کو فوارہ چوک کراچی پر ہونے والی احتجاجی ریلی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا اور طے پایا کہ مولانا راشد محمود سومرواور جے یو آئی (ف) اس ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی، اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی رہنماء مولانا تاج محمد ناہیوں، خالدحسین دھامرہ، حافظ اعظم جہانگیری ودیگر بھی موجود تھے۔

درایں اثناء وفاقی کی طرف سے سندھ کے سمندری جزائر پر قبضے کے آرڈنینس کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی طرف سے کراچی میں اعلان کردہ 11 اکتوبر کی ریلی میں شرکت کے لئے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں‘ فورمز‘ دانشور‘ سول سوسائٹی کے افراد سے ایس ٹی پی کے سربراہ ڈاکٹر قادرمگسی نے رابطہ کیا اور ریلی میں شرکت کی دعوت دی، انہوںنے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد حسین محنتی‘ایس یو پی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ ‘قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو ایڈوکیٹ‘ عوامی تحریک کے صدر رسول بخش خاص خیلی‘ جے یو آئی کے ڈاکٹر راشد محمود سومرو‘مسلم لیگ (ن) کے شاہ محمد شاہ‘ جسقم کے چیئرمین صنعان قریشی‘ جسم کے ریاض چانڈیو‘ اے ڈبلیو پی کے بخشل تھلو‘ بی ڈی پی کے رؤف مینگل‘ بی ڈی پی کے ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ‘ نیشنل پارٹی کے عبدالمالک بلوچ‘ پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے نذیر جان‘ فشر فوک فورم کے محمد علی شاہ، اے ٹی پی کے جی این کھوسو سمیت دیگر کو کراچی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاہے کہ وفاقی کی طرف سے جزائر کے حوالے سے آنے والے آرڈنینس کو سندھ کے عوام کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے، یہ آرڈنینس مادر وطن سندھ کے جغرافیائی حدود کے خلاف ہے، سندھ پر قبضے کی سازش کی جارہی ہے، 11اکتوبر کو ایس ٹی پی کے زیراہتمام کراچی میں ریلی نکالی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام جنہوںنے کالا باغ ڈیم ودیگر سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف جدوجہد کی وہ اس آرڈنینس کے خلاف بھی بھر پور تحریک چلائیں گے اور یہ جدوجہد آرڈنینس کے خاتمے تک جاری رہے گی، اس کے لئے ضروری ہے کہ سندھ کی تمام جماعتیں متحدہ جدوجہد کریں،انہوںنے کہاکہ سندھ کے عوام کسی بھی نظریہ اور فکر سے ہٹ کر سندھ کی جغرافیائی حدود کے وفاع اور تحفظ کے لئے ایک آواز ہیں تمام جماعتیں11اکتوبر کو ریلی میں شرکت کریں گے، انہوںنے سندھ کے غیرت مند عوام سے اپیل کی کہ وہ 11اکتوبر کو کراچی میں ریلی ریلی میں شریک ہو کر قومی یکجہتی کا ثبوت دیں۔