قطر کی طرف سے غزہ کے ایک لاکھ نادار کنبوں میں نقد امداد تقسیم

غزہ کی پٹی کے محصورین کی مالی مدد کا مقصد غزہ کے عوام کی بہبود اور مالی بحران میں ان کی مدد کرنا ہے،قطری سفیر

بدھ 7 اکتوبر 2020 14:53

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2020ء) خلیجی ریاست قطر کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے ایک لاکھ خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالر کی امداد کی نئی قسط جاری کردی گئی ہے۔مرکزطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے غریب اور مسحتق شہریوں کے لیے قطر کی طرف دی جانے والی نقد امداد بنکوں اور ڈاک خانے کے ذریعے جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

فلسطین میں قطر کے سفیر محمد العمادی نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کا دورہ کیا اور وہاں پر اسلامی تحریک مزاحمت'حماس' کی قیادت سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہ قطر کی طرف سے غزہ کے ایک لاکھ خاندانوں میں نقد امداد تقسیم کی جائے گی۔قطری سفیر کا کہنا تھا کہ دوحا کی طرف سے غزہ کی پٹی کے محصورین کی مالی مدد کا مقصد غزہ کے عوام کی بہبود اور مالی بحران میں ان کی مدد کرنا ہے۔خیال رہے کہ قطر نے اقوام متحدہ اور مصرکی کوششوں سے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے معاشی استحکام کے لیے امداد کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ اس ضمن میں قطر نے غزہ کے غریب اور مستحق شہریوں میں چھ کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔