صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں کے بھائی مخدوم جلیل الزماں پلی بارگیننگ کے تحت رہائی کے بعد 10 سال کے لئے نااہل ہوگئے

بدھ 7 اکتوبر 2020 23:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2020ء) پیپلزپارٹی کے رہنماء صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں کے بھائی مخدوم جلیل الزماں کی پلی بارگیننگ کی درخواست منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت نے رہا کر دیا ہے، اس طرح وہ قانون کے مطابق 10 سال کے لئے نااہل ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر مرحوم مخدوم امین فہیم کے چھوٹے بیٹے سابق ناظم ٹائون کمیٹی ہالا مخدوم جلیل الزماں کرپشن کے مقدمے میں پلی بار گیننگ کے بعد رہا ہو گئے ہیں، گذشتہ دنوں ٹائون کمیٹی ہالا کے اکائونٹنٹ مشتاق شیخ کو نیب نے گرفتار کرکے تحقیقات کی تھی اور اسی کی نشاندہی پر گذشتہ ہفتے سابقہ ناظم ٹائون کمیٹی ہالا مخدوم جلیل الزماں کو گرفتار کرکے ان کا احتساب عدالت حیدرآباد سے ریمانڈ حاصل کیا تھا، ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر بدھ کو مخدوم جلیل الزماں کو سخت پہرے میں احتساب عدالت حیدرآباد میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے پلی بارگین کی درخواست پیش کی جسے فاضل عدالت نے منظور کر لیا اور مخدوم جمیل الزماں ڈیڑھ کروڑ روپے کا پے آرڈر جمع کرانے کے بعد رہا کر دیا گیا، نیب نے مخدوم جمیل الزماں کے خلاف ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج کرکے احتساب عدالت حیدرآباد میں چالان پیش کیا تھا، پلی بارگین کی درخواست کی منظوری اور رہائی کے بعد عدالتی فیصلے کے مطابق مخدوم جلیل الزماں 10 سال کے لئے نااہل ہو گئے ہیں وہ انتقامی عمل میں نہ تو حصہ لے سکیں گے اور نہ ہی کوئی سیاسی عہدہ اپنا پاس رکھ سکیں گے، مخدوم جلیل الزماں کی طرف سے پلی پارگین کے ذریعے نیب کے مقدمے سے رہائی حاصل کرنا پیپلزپارٹی اور مخدوم خاندان کی ساکھ کے لئے بڑا دھجکا ہے۔

متعلقہ عنوان :