ارطغرل نواز شریف کا محسن اور عمران خان کا دشمن ثابت ہوا

سعودی عرب اور امریکا نے نواز شریف سے ہاتھ ملا لیے ہیں، سعودی حکومت دیا گیا قرضہ کب واپس مانگے گی، یہ بھی وزیراعظم کی بجائے قائد ن لیگ کو معلوم ہے: سینئر صحافی کا دعویٰ

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 اکتوبر 2020 19:53

ارطغرل نواز شریف کا محسن اور عمران خان کا دشمن ثابت ہوا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر2020ء) سینئر صحافی کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب اور امریکا نے نواز شریف سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی جاوید چوہدری کی جانب سے تحریر کیے گئے کالم میں کئی تہلکہ خیز دعوے کیے گئے ہیں۔ سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ ارطغرل نواز شریف کا محسن اور عمران خان کا دشمن ثابت ہوا۔ ترکی کے دوران کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ارطغرل آٹھ سو سال بعد میاں نواز شریف کا محسن ثابت ہو رہا ہے۔

سعودی عرب ترکی کو پسند نہیں کرتا۔ سعودی قبائل نے1924 میں ترکوں سے 22 سال جنگ کے بعد آزادی حاصل کی اور اس جنگ میں ان کے ہزاروں لوگ مارے گئے۔ سعودی اور ترک آج تک اس جنگ کو نہیں بھولے۔ سعودی سمجھتے ہیں ترکی عثمانی بادشاہوں کے ڈرامے بنا کر اسلامی دنیا پر اثرانداز ہو رہا ہے اور ارطغرل ڈرامہ اس ترک ثقافتی یلغار کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

طیب اردگان نے 2016 میں میاں نواز شریف کو اسے پاکستان میں ریلیز کرنے کا مشورہ دیا تو یہ تیار ہو گئے لیکن خارجہ امور کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔

ان کا خیال تھا عربوں نے ارطغرل پر پابندی عائد کر رکھی ہے، ہم نے اگر اس کی اجازت دی تو عرب ناراض ہو جائیں گے۔ چنانچہ نواز شریف نے ترک حکومت کو ٹالنا شروع کر دیا اور یہ ٹالتے ٹالتے اپنی مدت پوری کر گئے۔ بعد میں عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد ارطغرل کو پی ٹی وی پر دکھانا شروع کر دیا اور اس نے چند ہی ہفتوں میں پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے۔

یہ سب دیکھ کر سعودی عرب ناراض ہو گیا مگر ہم نے اس ناراضگی کی پرواہ نہیں کی۔ اسی باعث پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوریاں بڑھ گئیں۔ جاوید چوہدری کے مطابق ایک تگڑے وفاقی وزیر نے انہیں بتایا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا نے نواز شریف سے ہاتھ ملا لیے ہیں، حکومت کیلئے آنے والے دن بہت مشکل ہوں گے۔ سینئر صحافی کا مزید بتانا ہے کہ سعودی حکومت دیا گیا قرضہ کب واپس مانگے گی، یہ بھی وزیراعظم کی بجائے نواز شریف کو معلوم ہے۔ جب سعودی عرب نے پاکستان سے 1 ارب ڈالرز واپس مانگے تو یہ بات بھی عمران خان سے قبل نواز شریف کو معلوم تھی۔