سپریم کورٹ سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے دائر درخواست سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت پیر کو کرے گی

جمعہ 9 اکتوبر 2020 18:29

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2020ء) : سپریم کورٹ نے سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ام رباب چانڈیو کی جانب سے دائر درخواست، سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف از خود نوٹس کیس اور زیر زمین پانی کے استعمال سے متعلق از خود نوٹس کیس آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کر دیئے ہیں۔ جمعہ کو عدالت عظمیٰ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ام رباب چانڈیو کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت 12 اکتوبر 2020 بروز( پیر) کو کرے گا۔

سپریم کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ،آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدر آباد سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف از خود نوٹس کیس پر سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 13 اکتوبر بروز (منگل) کو کرے گا ،عدالت عظمی نے اٹارنی جنرل آف پاکستان ،چیئرمین نیپرا ، سیکرٹری پاور ڈویڑن ، کے الیکٹرک، ہیسکو اور سیپکو کے سی ای اوز سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

زیر زمین پانی کے استعمال سے متعلق از خود نوٹس کیس پر سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 14 اکتوبر کو کرے گا۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان ،چاروں صوبائی ایڈوکیٹ جنرلز اور چیف کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔