بھارت سب بڑا دہشت گرد ہے جس کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اسد قیصر

جمعہ 9 اکتوبر 2020 22:59

بھارت سب بڑا دہشت گرد ہے جس کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2020ء) : قومی اسمبلی کے سپیکراسد قیصر نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑادہشت گرد ملک ہے جس کے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسد قیصر نے ان خیالات کا اظہار کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کے زیر اہتمام اختر آباد میر پور میں منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرنے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوںنے دو ٹوک الفاظ میں کہاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی آزادی کیلئے جنگ بھی کرنی پڑی تو ہم پوری طرح تیار ہیں۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں پاکستان کے 22 کروڑ عوام ان کے ساتھ ہیں۔ ا نہوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دنیا میں انسانیت کی خدمت اور یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا بہت عظیم کام ہے اوراللہ تعالی اس کار خیر کیلئے جن لوگوں کو چنتا ہے وہ خوش قسمت ہوتے ہیں۔ انہوں نے ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

تقریب سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، کشمیری رہنما اور صدر جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ الطاف احمد بٹ، چیئرمین لاہور قلندر رانا فواداور عاقب جاوید نے خطاب کیا۔ تقریب میں جی او سی منگلہ میجر جنرل ماجد جہانگیر، وزیر حکومت آزاد کشمیر سردار فاروق سکندر ،سابق وزیر چوہدری محمد سعید،چوہدری رخسار ، پی ایف یوجے کے سابق صدر افضل بٹ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب انور رضااور صغیر چوہدری کے علاوہ سینئر صحافیوں، سیاسی و سماجی رہنما ئوں نے شرکت کی۔

الطاف احمد بٹ نے اپنے خطاب میں اسد قیصر کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ کشمیری عوام پاکستانیوں سے بڑھ کر پاکستانی ہیں ان کی منزل صرف پاکستان ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے یتیم بچوں کی جس طرح بہتر انداز سے نگہداشت کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔انہوںنے کہاکہ پوری کشمیری قوم بزرگ حریت رہنمائ سیدعلی گیلانی کو پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ دینے پر پاکستان کی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کرتی ہے۔