ووٹ کو عزت دینے کی بجائے نوٹ کو عزت دینے والے کس منہ سے عوام میں جائیں گے،اعجاز چوہدری

جمعہ 9 اکتوبر 2020 23:09

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2020ء) : پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ آ ل شریف کی کرپشن کے گھر گھر میں چرچے ہیں، شریف خاندان نے اپنے دورِحکومت میں ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 133 شاہ دی کھوئی کے دورے اور پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنمائوں و عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کی اولادوں نے بھی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی،نوازشریف، مریم صفدراور شہباز شریف کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب دینا پڑے گا، مریم صفدر متنازعہ بیان بازی کی بجائے قوم کو بتائیں نوازشریف کب پاکستانی عدالتوں کے سامنے سلنڈر کریں گے، نوازشریف ٹولہ موجودہ جمہوری نظام اور ملکی اداروں کے خلاف سازشیں کرنا بندکریں، آل شریف کی سیاست جھوٹ سے شروع ہو کر منافقت پر ختم ہوتی ہے،آل شریف اور انکے حواری جتنا مرضی جھوٹ بول لیں عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف کی اصلیت قوم کے سامنے عیاں ہو چکی ہے، وزیر اعظم عمران خان کا موقف درست ثابت ہوا کہ کرپٹ ٹولہ اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے ایک ہو چکا ہے،نوازشریف کا بیانیہ قوم نے مسترد کردیا ہے، ٹھگوں کا اتحاد ملک کے لئے نہیں اپنے ذاتی مفاد کے لئے ہے، آل شریف ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر بیرون ملک بھاگ گئے، ووٹ کو عزت دینے کی بجائے نوٹ کو عزت دینے والے کس منہ سے عوام میں جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اپنی حکومت کی پشت پر کھڑے ہیں، عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں سلیم صادق، چوہدری شاہنواز، کنور عمران سعید، نعمان چٹھہ، احمد شاہ کھگھہ، مقصود صابر انصاری، حاجی فیاض، چوہدری طارق ارشاد، سرفراز ڈوگر، شاہ زیب و دیگر بھی موجود تھے۔