حماس کے وفد کی ماسکو میں روسی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات

موسی ابو مرزوق نے روسی نائب وزیر خارجہ کو فلسطین کی تازہ صورت حال بارے تفصیلی بریفنگ دی

ہفتہ 10 اکتوبر 2020 13:00

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن موسی ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے وفد نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ماسکو میں متعین فلسطینی سفیر اور دیگر روسی رہ نما بھی موجود تھے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن موسی ابو مرزوق، حماس کے سیاسی شعبے کے رکن حسام بدران نے بوگدانوف کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں قضیہ فلسطین کی موجودہ صورت حال اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا۔

حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ روسی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر میں فلسطین میں قومی مصالحت کے حوالے سے فلسطینی دھڑوں کے مصالحتی فارمولے اور فلسطینیوں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

حماس کی قیادت اور روسی نائب وزیر خارجہ کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی کے لیے نام نہاد امن منصوبے سنچری ڈیل اور اس کے خطرات ومضمرات ، عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حماس کے وفد اور روسی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین میں مجوزہ انتخابات اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ دونوں وفود میں غزہ کی معاشی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ موسی ابو مرزوق نے روسی نائب وزیر خارجہ کو فلسطین کی تازہ صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر روسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔