جب تک پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ ہے عوام کے مسائل حل نہیں ہوںگے ،بلاول بھٹو زرداری

ان خان پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین وزیر اعظم ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب ہم اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہوگی تو ہمیں مجبورا نکلنا ہو گا،حکومتی انتقام کے خلاف جمہوری قوتیں ساتھ کھڑی ہیں جب تک وکلا برادی ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس وقت تک وہ میرے کارکن پر آنچ تک نہیں آنے دیں گے،چیئرمین پیپلزپارٹی کا کراچی بار سے خطاب

ہفتہ 10 اکتوبر 2020 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2020ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک ہماری پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ رہے گی اس وقت تک ہم اپنے عوام کے مسائل حل نہیں کرسکیںگے۔ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین وزیر اعظم ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب ہم اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے۔

پیپلز پارٹی نے آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے تحاریک چلائیں، حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہوگی تو ہمیں مجبورا نکلنا ہو گا، جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ہم سڑکوں پر آئیں گے۔وکلا نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر تحریکیں چلائی ہیں اور اس حکومت اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف بھی وکلا جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے کارکن کے لیے گرفتاری کی دھمکی کوئی نئی نہیں ہے اور ہم جانتے ہیں کہ جب تک وکلا برادی ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس وقت تک وہ میرے کارکن پر آنچ تک نہیں آنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو کراچی بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین، جمہوریت، انسانی حقوق کے لیے وکلا کے ساتھ مل کر تحریکیں چلائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے وہ ایوب و یحییٰ خان کے خلاف ہو یا ضیا الحق کے خلاف ایم آر ڈی کی تحریک ہو یا پرویز مشرف کے خلاف اے آر ڈی تحریک یا وکلا تحریک ہو یا اب ہم جو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پلیٹ فارم سے اس نظام، اس حکومت اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آج بھی وکلا جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری تمام تحریکوں میں آپ کا صف اول کا کردار رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور صدر زرداری پر میں گن بھی نہیں سکتا کہ کتنے جھوٹے الزامات لگے ہیں اور ہر موقع پر، ہر پیشی پر اور مسئلے پر وکلا پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اب بھی جب ہم یہ مہم چلاے نکلے ہیں تو اب بھی آپ کی ضرورت پڑے گی۔بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن کے لیے گرفتاری کی دھمکی کوئی نئی نہیں ہے اور ہم جانتے ہیں کہ جب تک وکلا برادی ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس وقت تک وہ میرے کارکن پر آنچ تک نہیں آنے دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جس وکلا تحریک کا آغاز اسی کراچی بار سے ہوا تھا، وہ قانون کی حکمرانی کے لیے ایک جمہوری احتجاج تھا، آپ نے جج کی حکمرانی یا افتخار چوہدری کی حکرمانی کے لیے جدوجہد نہیں کی تھی بلکہ قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی تھی، اس لیے جب تک اس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہو گی ، اس وقت تک آپ کی آزادی یا عدلیہ کی آزادی کا کوئی مطلب نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے حقیقی قانون حکمرانی اور حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنی ہے، ہمیں اپنے حقوق کا تحفظ کرنا پڑے گا، یہ غیرجمہوری قوتیں آپ کے ہر حق پر ڈاکا ڈال رہی ہیں۔بلاول نے کہا کہ ہمیں آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے تاکہ ہم میڈیا کی آزادی، اظہار رائے کی آزادی کو واپس لانا چاہتے ہیں اور آئین اور قانون کی بالادستی کو بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ آپ کے جمہوری حق، ووٹنگ کی آزادی دلا سکیں کیونکہ جب تک آپ آزاد نہیں ہوں گے، جب تک آئینی حقوق نہیں ہوں گے تب تک ہم عوام کے مسائل حل نہیں کر سکیں گے۔

انہوںنے کہا کہ جب تک ہمارا پارلیمان ربڑ اسٹیمپ رہے گا، ہمارا میڈیا سلیکٹڈ رہے گا، اس وقت تک ہم اپنے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج جو غریب پر ظلم ہو رہا ہے، ہمارے میڈیا چینلز کو وہ دکھانے کی اجازت ہی نہیں ہے، ہم تاریخی مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں مگر ہمارا میڈیا ہمیں بتاتا ہے کہ ہماری معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر میں آپ کی بات پارلیمان میں نہیں اٹھا سکتا، اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی آزادی نہیں ہو گی تو کہاں ہو گی، اگر ہم پارلیمان میں آپ کے مسائل نہیں اٹھا پا رہے لہذا ہم مجبور ہو چکے ہیں کہ ہم آپ کے مسائل سڑکوں پر اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا جلسہ 16تاریخ کو گوجرانوالہ میں ہو گا اور 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی یاد میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مزار قائد پر تاریخی جلسہ کریں گے۔

بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران وکلا کی جانب سے شدید بدنظمی کا مظاہرہ کیا گیا اور تقریب کے دوران مستقل شور شرابا جاری رہا جس کی وجہ سے چند مواقعوں کو بلاول کو اپنا خطاب بھی روکنا پڑا۔کراچی بار میں موجود وکلا کی اکثریت نے ماسک بھی نہیں پہنے ہوئے تھے جس کو دیکھتے ہوئے بلاول نے بھی وکلا کو ماسک پہننے کی ہدایت کرتے ہوئے باور کرایا کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین وزیر اعظم ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب ہم اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے ، آپ کو آپ کے حقوق دلوائیں گے اور آپ کے مسائل حل کریں گے۔