م*سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ ا نتخابات کیلئے سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

اتوار 11 اکتوبر 2020 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2020ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ ا نتخابات کیلئے سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں‘وکلاء کے دو بڑے گروپوں عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ کے صدارتی امیدواروں میں ون ٹو ون کانٹے دار مقابلہ ہوگا، عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار عبدالطیف آفریدی کا مقابلہ حامد خان گروپ کے عبدالستار خان سے ہوگا‘ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔

عاصمہ جہانگیر گروپ کے سیکرٹری کے امیدوار رانا احمد شہزاد فاروق کا مقابلہ عمر سہیل سلیمی سے ہوگا‘ جنہیں حامد خان گروپ کی حمایت حاصل ہے جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے نائب صدر کے امیدوار ارشد باجوہ کا مقابلہ حامد خان گروپ کے یونس نول سے ہوگا۔

(جاری ہے)

بلوچستان سے نائب صدر کی نشست پر اجمل خان کاسی ،غلام مصطفی ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔خیبر پی کے سے نائب صدر کی سیٹ پر محمد اجمل خان اور سید اقبال حسین شاہ گیلانی جبکہ پنجاب سے نائب صدر کے لئے بابر اے خلجی، محمد ارشد باجوہ ،محمد یونس خان نول، نائب صدر سندھ کیلئے قاضی عبد الحمید صدیقی ،عمران شمسی ، سید غلام شاہ بخاری اور یونس ملئی، سیکرٹری کی نشست پر احمد شہزاد فاروق رانا اور محمد عامر سہیل سلیمی، ایڈیشنل سیکرٹری کے سیٹ پر ملک شکیل الرحمان، شیریں عمران اور ذوالفقار احمد بھٹہ جبکہ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر محمد افضل جنجوعہ اور محمد اکرم گوندل مدمقابل ہیں۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے امیدواروں میں جام آصف، جاوید احمد، محمد سلیم ہاشمی ،نوید الحق چوہدری ،عبدالمالک بلوچ ،عبدالرزاق ، ناصر کاسی، شمس الرحمان رند شامل ہیں۔انتخابی امیدواروں نے وکلاء ووٹرز سے رابطے بڑھا لئے۔سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں تین ہزار تین سو سے زائد وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے سب سے زیادہ ووٹرز کی تعداد لاہور میں ہے۔

سپریم کورٹ بار الیکشن کیلئے لاہور ، کراچی، پشاور، کوئٹہ رجسٹری سمیت ملک بھر میں پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے۔ جاری الیکشن شیڈول کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے امیدوار 17 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔امیدواروں کی حتمی فہرست 19 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔ پولنگ 29 اکتوبر کو صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی تاہم 29 اکتوبر کو عید میلاد النبی? کی صورت میں پولنگ 31اکتوبر کو ہوگی۔سپریم کورٹ بار الیکشن کے نتائج کا سرکاری اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا‘ چیف الیکشن کمشنر کے فرائض سینئر قانون دان راجہ افراسیاب خان انجام دیں گے۔