Live Updates

پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، شاہ محمود قریشی

اتوار 11 اکتوبر 2020 20:05

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2020ء) : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ اپوزیشن کی رکاوٹوں کے باوجود ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ کچھ لوگ ان سازشوں کاحصہ بن کر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ملکی وحدت پارہ پارہ کرنے والی قوتیں شکست سے دو چار ہونگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے حلقہ این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے یونین کونسل 21میں بسم اللہ چوک سے گلبرگ کالونی تک کارپیٹڈ روڈ کا افتتاح ‘ رائیٹرز کالونی میں کارپیٹڈ روڈ کا افتتاح ‘ یوسی 20 میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح ‘ یونین کونسل 21 میں ٹال والا چوک تا ڈاکٹر اکبر والے روڈ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ رانا عبدالجبار ‘ شیخ واجد شوکت ‘ منور قریشی‘ سید بابر شاہ ‘ رانا افضل ‘ رائو?امجد سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں حکمرانوں نے ملکی دولت لوٹی اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کو دو سال گزر چکے ہیں۔ ہماری حکومت کے کسی بھی عہدیدار کا کوئی کرپشن سکینڈل ابھی تک سامنے نہیں آیا۔

یہ ہماری حکومت کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ نہ خود کرپشن کرونگا اور نہ کسی کو کرنے دونگا۔ انہوں نے کہا کورونا نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ حکومت نے ایک طرف کورونا کا مقابلہ کیا اور دوسری طرف عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سمارٹ لاک ڈا?ن کی پالیسی متعارف کروائی جس کو دنیا آج سراہا رہی ہے۔

غربت کے خاتمے کیلئے احساس پروگرام ہماری حکومت کا شفاف ترین پروگرام ہے۔ جس کے تحت ملک کے لاکھوں خاندانوں کو کرونا کے دوران امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کورونا کے باوجود ملک میں ترقی کا سفر جاری رہا۔ اس کی واضح مثال ملتان کا قومی حلقہ این اے 156 ہے جہاں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ الیکشن کے دوران کئے گئے وعدے مکمل کرنے کا وقت آن پہنچاہے۔

عوام سے جو بھی وعدے کئے پورے کرینگے۔ این ا ے 156میں سڑکوں ‘ سیوریج ‘ بجلی ‘ پینے کا صاف پانی ‘ صحت ‘ تعلیم سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں 37‘38‘39 کا دورہ کیا اور حلقے میں وفات پا جانے والی مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے۔ مرحوم کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی این اے 157 گئے جہاں بستی اوجلہ میں ملک ارشاد اوجلہ اور ملک الطاف اوجلہ کی والدہ مرحومہ کی قل خوانی میں شرکت کی۔ بستی چٹھہ میں عمر حیات چاون کی قل خوانی میں شریک ہوئے۔ چک 3 ٹی میں اکرم لودھراکی قل خوانی میں شریک ہوئے۔ بعد ازاں یونین کونسل کوٹلہ مہاراں جہاں انہوں نے عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات