حیدر آباد، 14اکتوبر کو اوجی ڈی سی ایل کے احتجاج میں شمولیت اختیار کرینگے، راجہ محمدسلیم

پیر 12 اکتوبر 2020 22:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2020ء) آل پاکستان او جی ڈی سی ایل ایمپلائز یونین کے رہنما راجہ محمد سلیم نے کہاہے کہ 14 اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے نجکاری پالیسی کے خلاف او جی ڈی سی ایل کے ہزاروں ملازمین احتجاج میں شامل ہو کر حکومت کی ملازم دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔

اس موقع پرعبدالحکیم کھوسو ،حاجی ہارون ،ایڈو کیٹ نثار چانڈیو اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ او جی ڈی سی ایل ملک کا ایک بڑا ادارہ ہے جو کہ ملک کو اربوں روپے کما کر دیتا ہے اور اب اس ادارے کو نجکاری میں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے میں ضیاء کے دور سے مزدوروں کے ساتھ اس طرح کا ظلم جاری ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس سال ہماری تنخواہیں اور پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے جو کہ ملازمین کے ساتھ بڑی نہ انصافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل ادارے سے ہزاروں خاندانوں کا روز گار وابستہ ہے اور ہم تمام ملازمین ادارے کے تحفظ کے لئے متحد ہیں ، ادارے کی نجکاری کا سب سے زیادہ نقصان ملک کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف متحد ہیں اور ہر محاذ پر ادارے کی نجکاری کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے ۔