حکومت نے کراچی والوں کے لیے بجلی 2.89 روپے فی یونٹ تک مہنگی کردی

پیر 12 اکتوبر 2020 23:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2020ء) حکومت نے کراچی والوں کے لیے بجلی 2.89 روپے فی یونٹ تک مہنگی کردی ، کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنے کا اطلاق یکم ستمبر 2020 سے ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حکومت نے کے الیکٹرک کا ٹیرف بڑھا دیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹیرف میں ایک روپے نو پیسے سے دو روپے نواسی پیسے فی یونٹ تک اضافہ کیا گیا ہے،اضافے کے بعد کے الیکٹرک کا ٹیرف دیگر بجلی کمپنیوں کے برابر ہو گیا۔

نوٹفیکیشن کے مطابق کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنے کا اطلاق یکم ستمبر 2020 سے ہوگا۔کے الیکٹرک کا ٹیرف بڑھانے کی منظوری نیپرا نے دی تھی، جس کے بعد مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی ٹیرف میں 2 روپے 89 پیسے تک اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔