کروناوباء کو پھیلنے سے روک دیا ،طویل المعیاد معاشرتی اقتصادی اثرات میں کمی لا رہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 13 اکتوبر 2020 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2020ء) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ کروناوباء کو پھیلنے سے روک دیا ،طویل المعیاد معاشرتی اقتصادی اثرات میں کمی لا رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کورونا وباء کے تناظر میں آفات کے رسک میں کمی کا عالمی دن منا نے کے حوالے سے کہاکہ قدرتی آفات کے خطرے سے دوچار ملک کے طور پر پاکستان نے پالیسی سازی،ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ اور رابطوں کے فروغ کے حوالے سے لمبا سفر طے کیا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ ہم نے قومی، صوبائی اور مقامی سطح پر اپنے اداروں کی جانب سے ردعمل کی صلاحیت کو مستحکم کیا ہے،کوویڈ 19 وباء کی پہلے مرحلے میں ہم نے اپنے گورنینس نظام کا امتحان لیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ ہم نے ابتدائی وباء کو پھیلنے سے روک دیا اور اب ہم اس کے طویل المعیاد معاشرتی اقتصادی اثرات میں کمی لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے نظر ثانی شدہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس پلان 2019 جاری کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ اس نظر ثانی شدہ پلان میں ملک کی آفات میں فوری ردعمل کی تیاری کی صلاحیت اور بہتری کی کوشیش کی گئی ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ یہ پلان کثیر جہتی چیلنجز بشمول سیلاب،زلزلے، قحط سالی،تودے گرنے اور صنعتی مسائل کا حل پیش کرتا ہے،اس قدرتی آفات کے رسک میں کمی کے عالمی دن پر پاکستان اقوام متحدہ و دیگر عالمی فورمز پر اپنی کوشیشوں کی تجدید کا عزم کرتا ہے،ان کو شیشوں میں تجربے کا تبادلہ، معلومات اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے زریعہ حادثات میں کمی اور جانین بچانے میں مدد لے گی۔