ملک میں موٹروے واقعہ سمیت بچوں اوربچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جائے، مولانا حامد الحق حقانی

منگل 13 اکتوبر 2020 23:45

․کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام (س)پاکستان کے مرکزی امیر ودفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ ملک میں موٹروے واقعہ سمیت بچوں اوربچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جائے، ملک میں جید علمائے کرام کو شہید کرکے تعصب کا بیج بویا جارہا ہے جس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے، بدامنی اور ابتر حالات کی سب سے بڑی وجہ سودی نظام ہے جو براہ راست اللہ اور اس کے رسول سے اعلان جنگ کے مترادف ہے جمعیت علماء اسلام(ن)کی جمعیت (س)میں انضمام سے متعلق بات چیت جاری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں قبائلی رہنماء سردار ولی بادیزئی کی ساتھیوں سمیت جمعیت (س)میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا پریس کانفرنس کے موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات یوسف شاہ ، صوبائی قائمقام امیر مولانا مفتی عبدالواحد بازئی ‘ صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالقیوم میرزئی ‘ مولانا محمد شفیق دولت زئی ‘ نوراللہ حقانی ‘ حاجی اختر شاہ و دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر قبائلی رہنما سردار ولی بادیزئی نے ساتھیوں سمیت جمعیت علما اسلام (س)میں شمولیت کا اعلان کیاجمعیت علما اسلام(س)پاکستان کے مرکزی امیر ودفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے جمعیت علما اسلام میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کی مضبوطی اور فعالی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہاکہ نئے شامل ہونے والوں سے جمعیت(س)بلوچستان میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ ملک میں ایک عجیب سے کیفیت ہے پاکستان کو جس نظریہ کی بنیاد پر بنایا گیا تھا بدقسمتی سے اس نظریہ کو چھوڑ دیا گیا ہے بیرونی دبائو بھارت اور اسرائیل کی مداخلت سے ملکی حالات ابتر ہے مولانا سمیع الحق شہید آخری سانس تک اصولوں پر کاربند رہے اس لئے پاکستان و اسلام دشمن قوتیں اسے اپنی راہ میں رکاوٹ سمجھتی تھیں یہی وجہ بنی کہ انہیں شہید کیا گیا بلکہ گزشتہ روز کراچی میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کی شہادت بھی اسی کی ایک کڑی ہے ملک میں جید علمائے کرام کو شہید کرکے تعصب کا بیج بویا جارہا ہے جس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے موٹروے واقعہ ہو یا ملک میں دو ڈھائی سالہ بچیوں اور بچوں کی عزتیں لوٹنے کے واقعات سے دنیا کو یہ پیغام مل رہا ہے کہ پاکستان محفوظ نہیں انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے بروقت قانون سازی کی جائے انہوں نے کہا کہ بدامنی اور ابتر حالات کی سب سے بڑی وجہ سودی نظام ہے جو براہ راست اللہ اور اس کے رسول سے اعلان جنگ کے مترادف ہے جمعیت علما اسلام (س)کا نعرہ ہے کہ پاکستان خوشحال اور لوگوں کے حقوق برابر ہو یہ وقت ہے کہ نوجوان آگے آئیں اور ملک میں برحق جماعت میں شامل ہو کیونکہ موجودہ حالات میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں جمعیت علما اسلام نظریاتی کے دوستوں سے نشست ہوئی جے یو آئی(ن)کی جمعیت (س)میں انضمام سے متعلق بات چیت جاری ہیں جمعیت علماء اسلام (س)ملک کی سب سے بڑی سیاسی مذہبی جماعت بن کر ابھرے گی طالبان کی حمایت ، سی پیک کی حفاظت اور چھوٹے صوبوں کی خودمختاری کی بات کرنے پر ہمیں سائیڈ لائن کیا گیا ہے جمعیت علما اسلام (س)کے مرکزی امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے کوئٹہ آیا ہوں لیکن بدقسمتی سے ہمیں سیکورٹی بھی فراہم نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

حکومت اور اداروں کو بھی علم ہے کہ ملک میںاس وقت غیر ملکی ایجنسیاں برسرپیکارہیں اور ان کی کوشش ہے کہ مملکت خداداد میں افراتفری کا عالم ہو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ہوش کے ناخن لے کر حالات کو بہتر کرنے کے لئے کردار ادا کرے انہوں نے کہا کہ ملک میںسیاسی و مذہبی جماعتوں کے درمیان اتحاد کے لئے کوشاں ہوں بلکہ 2نومبر کو مولانا سمیع الحق شہید کی برسی سے متعلق اسلام آباد میں پروگرام منعقد کیا جارہاہے جس میں ملک کی تمام سیاسی ، مذہبی جماعتوں کے قائدین کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے اسی طرح 11نومبر کو خیبر پشتونخوا میں جمعیت علما ء اسلام(س)کے زیر اہتمام جلسہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت آپس کے اختلافات کا نہیں بلکہ ملک کو بچانے کے لئے سب کو متحد ہوکردارادا کرنے کی ضرورت ہے