موسم سرما میں انڈے اور مرغی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں ہوگا، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن

بدھ 14 اکتوبر 2020 18:30

موسم سرما میں انڈے اور مرغی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں ہوگا، پاکستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2020ء) پاکستان پولٹری ایسوی ایشن نے کہا ہے کہ موسم سرما میں انڈے اور مرغی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں ہوگا۔ترجمان پاکستان پولٹری ایسوی ایشن معروف صدیقی نے بتایا کہ کورونا اور بارشوں کی وجہ سے 50 لاکھ چوزہ ختم ہونے سے مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کورونا کے بعد شادی ہالز، ریسٹورنٹس بھی کھل گئے جس کی وجہ سے طلب اور رسد میں فرق آیا اور انڈے، مرغی مہنگے ہوئے، تاہم آئندہ ماہ مرغی اور انڈے کی پیداوار میں اضافے سے قیمتوں میں کمی یا مستحکم رہ سکتی ہیں، موسم سرما میں انڈے اور مرغی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں ہوگا۔

معروف صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں یومیہ 80 لاکھ مرغیوں اور سالانہ 157 ارب انڈے کی پیداوار اور استعمال ہوتا ہے، لیکن گزشتہ دو سال سے فارمرز کو بدترین نقصان ہوا اور 60 فیصد مرغی کے فارم بند ہوگئے، فارمرز کم ہونے اور طلب بڑھنے کی وجہ سے انڈے اور مرغی کے نرخوں میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

ترجمان پولٹری ایسوی ایشن نے کہا کہ پیداواری لاگت اورفیڈ مہنگی ہونے کی وجہ سے بھی مرغی اور انڈے مہنگے ہوئے ہیں، 50 کلو والی فیڈ کی بوری 2600 سے بڑھ کر 4000 روپے کی ہوگئی ہے، اگر فیڈ کی قیمت اور ٹیکسز میں کمی کی جائے تو مرغی اور انڈے کی قیمت میں کمی کا فائدہ صارف کو ہوسکتا ہے، لیکن ابھی تک پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔