جمشید دستی درخواست ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے

آئل ٹینکر لوٹنے کے کیس میں عدالت نے جمشید دستی کی درخواست ضمانت مسترد کردی، سابق ایم این اے عدالتی فیصلہ آنے سے پہلے فرار ہو گئے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 14 اکتوبر 2020 19:36

جمشید دستی درخواست ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے
مظفر گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر2020ء) سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی درخواست ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکر چوری کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے خلاف مقدمہ درج تھا جس میں انہوں نے ضمانت کروا رکھی تھی، جمشید دستی نے ضمانت میں توسیع کے لیے عدالت میں درخواست دے رکھی تھی۔ آج عدالت نے جمشید دستی کی ضمانت کی درخواست خارج کی لیکن جمشید دستی عدالت کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی فرارہو گئے۔

جمشید دستی اور دیگر کےخلاف آئل ٹینکر لوٹنے کا مقدمہ جنوری میں درج کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ اس کیس میں 2 پولیس اہلکار اور 3 دیگر ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں۔ یاد رہے کہ مظفرگڑھ کی چوک قریشی پولیس نے سابق رکن اسمبلی جمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف آئل ٹینکرز کے ڈرائیور اور ہیلپر کے اغوا اور لاکھوں روپے مالیت تیل چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 395، 365، 170 اور 171 کے تحت جمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 24 دسمبر کی رات ڈیرہ غازی خان سے ملتان جانے والے آئل ٹینکر کو پولیس وین نے مظفرگڑھ کے قریب روکا۔ٹینکر روکنے کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی میں ملبوس افراد ڈرائیور اور ہیلپر سمیت ٹینکر کو نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں دونوں افراد کو باندھنے کے بعد 40 لاکھ روپے مالیت کے تیل کو دوسرے ٹینکر میں منتقل کردیا گیا۔

ملزمان نے ڈرائیور اور ہیلپر کو دو دن تک حبس بے جا میں رکھا جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بنچ نے فروری میں جمشید دستی کو ضمانت پر رہا کیا تھا۔ جمشید دستی نے ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست جمع کروائی تھی۔