Live Updates

ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستانی حکام کو غیراخلاقی مواد ہٹانے کی یقین دہانی کروا دی

پی ٹی اے اور ٹک ٹاک حکام کے درمیان پاکستانی صارفین کو محفوظ رسائی اور مقامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مواد کو ہٹانے کے اطمینان بخش طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 اکتوبر 2020 14:03

ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستانی حکام کو غیراخلاقی مواد ہٹانے کی یقین دہانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2020ء) ٹک ٹاک حکام نے پاکستانی حکام کو غیراخلاقی مواد ہٹانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف ایپ ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان کے تحفظات دور کرتے ہوئے غیر اخلاقی آن لائن مواد کو روکنے کے لیے جلد ایک موثر طریقہ کار وضع کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ پاکستان میں ایپ سے پابندی ہٹانے کے لیے ٹک ٹاک حکام اور پی ٹی اے کے سربراہ کے مابین بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت ہوئی۔

۔پی ٹی اے کے سربراہ کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے متعلق ٹک ٹاک حکام نے بتایا کہ اس پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایپ استعمال کرنے والوں کو محفوظ پلیٹ فارم مہیا کرے۔چئیرمین پی ٹی اے کے ساتھ وڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں ٹک ٹاک کے اعلیٰ حکام نے غیر قانونی آن لائن مواد کو متحرک انداز میں روکنے کے لیے ایک موثر طریقہ کار وضع کرنے کی خاطر اپنے حالیہ اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی صارفین کو محفوظ رسائی اور مقامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مواد کو ہٹانے کے اطمینان بخش طریقہ کار وضع کرنے تک بات چیت کو جاری رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی اے نے غیر اخلاقی مواد نہ ہٹانے پر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے جلد ہی پابندی ہٹالی جائے گی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے الیکٹرک موٹر سائیکلز کو چلانے کے آزمائشی منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹک ٹاک سے جلد پابندی ہٹائے جانے کا عندیہ دیا۔ وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ وہ خود بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہیں اور انہیں امید ہے کہ شیئرنگ ایپلی کیشن انتظامیہ سے معاملات حل ہوجائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں امین الحق نے تصدیق کی کہ ٹک ٹاک انتظامیہ حکومت پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں پارٹیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔امین الحق کے مطابق مکمل ضابطوں کے ساتھ ہی ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات