سابقہ حکومت نے ڈالر سستا رکھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ،ماضی میں برآمدات بڑھانے پرتوجہ نہیں دی گئی‘عبدالحفیظ شیخ

آئی ایم ایف کے پاس مجبوری کے تحت گئے، تعمیراتی شعبے میں حکومت نے تاریخی پیکج دیا مہنگائی بھی کم کریں گے‘مشیر خزانہ

جمعرات 15 اکتوبر 2020 16:45

سابقہ حکومت نے ڈالر سستا رکھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ،ماضی میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2020ء) مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے ڈالر کو سستا رکھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ، ماضی کے حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث معیشت تباہ ہوئی،آئی ایم ایف کے پاس مجبوری کے تحت گئے، تعمیراتی شعبے میں حکومت نے تاریخی پیکج دیا مہنگائی بھی کم کریں گے،حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں معاشی مشکلات وراثت میں ملی ہیں تاہم اب معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔لوگ کہتے ہیں کہ ماضی کی بات نہ کریں، ماضی کی پالیسی سے ملکی معیشت کو فائدہ نہیں ہوا، حکومت بہتر پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام لارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی، ماضی کے نقصانات سے نکلنے کے لیے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے، انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا، حکومت کو اچھا ماحول مہیا کرکے پرائیوٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ خام مال پر ہزاروں روپے کی درآمدی ڈیوٹی کو صفر کیا ہے، دوسری جانب حکومتی اخراجات پربھی قابو پایا گیا، ملک میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 100فیصداضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ کورونا سے قبل ہماری کارکردگی کو عالمی اداروں نے بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کے پاس مجبوری کے تحت گئے اور اس بات سے بھی انکار نہیں کہ معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے۔ ہم نے 5 ہزار ارب روپے قرض کی صورت میں واپس کرنے تھے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوا۔

ڈالر سستا ہوا تو ہمارے ملک میں انگور سے لے کر ٹوتھ پیسٹ تک باہر سے منگوانا شروع ہوئے۔ ماضی میں ڈالر سستا کر کے اس کا فائدہ دوسرے ممالک کو پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری سے لے کر صنعتی زون تک مختلف مواقعوں میں نجی شعبے کو ترجیح دی اور حکومتی اخراجات کو محدود کیا گیا جبکہ ہم نے مختلف اشیا پر ٹیکس کو بھی ختم کیا۔عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہماری معاشی پالیسیوں کی تعریف کی گئی ہے۔ ہم ٹیکس کلیکشن میں بہتری لائے اور کرنٹ اکاونٹ خسارے کو بھی کم کیا۔