شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، ایک افسر سمیت 6 جوان شہید

شہداء میں 24 سال کے کیپٹن عمر فاروق، 2 نائب صوبیدار اور 3 سپاہی شہید ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 اکتوبر 2020 17:17

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، ایک افسر سمیت 6 جوان شہید
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر2020ء) پاک فوج کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے ، آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسزکے قافلے پر دہشتگردوں نے دھماکا کردیا، دھماکے میں ایک افسر، 2 صوبیدار اور 3 جوان شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں نے فورسز کو دیسی ساختہ بارودی مواد کے دھماکے سے نشانہ بنایا۔ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملہ رزمک کے علاقے میں کیا گیا۔ دہشتگردی کے افسوسناک واقعہ میں ایک افسر اور 2 نائب صوبیدار اور 3 سپاہی شہید ہوئے ہیں۔ شہداء میں 24 سال کے کیپٹن عمر فاروق بھی شامل ہیں۔ اسی طرح شہداء میں نائب صوبیدار ریاض احمد اور نائب صوبیدار شکیل ، شہید جوانوں میں حوالدار یونس خان، نائیک محمد ندیم، لانس نائیک عصمت اللہ شامل ہیں۔