تاجر مافیا اوورلوڈنگ خاتمہ کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے‘گڈزٹرانسپورٹرز

فلور ملز مالکان کی جانب سے حقائق کو مسخ کر کے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ایکسل لوڈ لمٹ کا مخالف ظاہر کیا گیا

جمعہ 16 اکتوبر 2020 12:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2020ء) آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنمامحمداویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تاجر مافیا اوورلوڈنگ خاتمہ کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، فلور ملز مالکان کی جانب سے حقائق کو مسخ کر کے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ایکسل لوڈ لمٹ کا مخالف ظاہر کیا گیا ہے ۔ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی کے رہنما ئو ں محمد اظہرقادری، چوہدری قمر الزمان گل،حاجی الیاس بابر،حاجی ناظم الدین بردی،حاجی محمد اظہر سراج و د یگر سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ایک قومی انگریزی اخبار میں حقائق مسخ کر کے پیش کئے گئے جس پر اخلاقی طو رپرمعافی مانگی جائے ، ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون پر عملدرآمد چاہتے ہیں اور اس کے نفاذ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیس بھی جیت چکے ہیں لہٰذا حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے فوری طور پر ملک بھر سے اوورلوڈنگ کے خاتمہ کو یقینی بنائے اور ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون کو نافذ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چند مفاد پرست مل مالکان اور صنعتکار اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کی خاطر ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش میں ہیں کہ گڈز ٹرانسپورٹرز اوورلوڈنگ کا خاتمہ نہیں چاہتے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔عدالتی حکم کی تعمیل نہ ہونے پر ٹرانسپورٹرز ایک بار پھر وفاقی وزیر مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے سمیت دیگر افراد کے خلاف توہین عدالت کا کیس فائل کر چکے ہیں۔