سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کورونا وباء کا شکار ہوگئے

علیم خان نے اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیا ہے، صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال اور حسین جہاں گردیزی بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 اکتوبر 2020 16:35

سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کورونا وباء کا شکار ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر2020ء) پاکستان میں موسم سرما کی شروعات کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی دوسری لہرنے بھی سر اٹھا لیا ہے، سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کورونا وباء کا شکار ہوگئے، علیم خان نے اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیا ہے، صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال اور حسین جہاں گردیزی بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے ساتھ کیسز میں پھر اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔

اموات کی شرح بھی بڑھتی جارہی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر علیم خان بھی کورونا کی دوسری لہرکی زد میں آگئے ہیں۔ علیم خان نے علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروایا تو مثبت آگیا۔ علیم خان نے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ اسی طرح گزشتہ روز بھی پنجا ب کے دو وزراء میاں اسلم اقبال اور حسین جہاں گردیزی بھی کورونامثبت آچکا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور معاون خصوصی سندھ حکومت راشد ربانی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔

راشد ربانی کی عمر 53 برس تھی وہ دوبار کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ لیکن دوسری بار حالت تشویشناک ہونے پر کئی روز ہسپتال میں زیر علاج رہے اور وینٹی لیٹر بھی رہے۔ دوسری جانب دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 659 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 7 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے اور 440 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 877 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 6 ہزار 621 تک جا پہنچی ہے۔ کورونا وائرس کے ملک بھر میں 9 ہزار 421 مریض اب بھی ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 529 کی حالت تشویش ناک ہے، 3 لاکھ 5 ہزار 835 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 41 ہزار 249 ہو چکی ہے۔ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 568 ہو گئیں۔