گیس پریشرمیں کمی ایکسپورٹ آرڈرز کو متاثر کر رہی ہے ‘لاہور چیمبر

کرونا پھیلنے سے تاجر پہلے ہی بین الاقوامی منڈیوں سے محروم ہوچکے ہیں ، توانائی کی عدم دستیابی صورتحال کو مزید خراب کر دے گی

جمعہ 16 اکتوبر 2020 19:01

گیس پریشرمیں کمی ایکسپورٹ آرڈرز کو متاثر کر رہی ہے ‘لاہور چیمبر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک بار پھر حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتوں کو کم گیس پریشر کی فراہمی پر غور کرے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے ۔ایک بیان میں صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے کہا کہ کم گیس پریشر کی وجہ سے پیداوار اور برآمد کی ترسیل بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

صنعتوں کو کم گیس کی فراہمی کا مطلب گیس کی عدم دستیابی سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس سے پیداوار کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، لہذا، حکام کو صنعتی پہیے کو چلانے کے لئے تمام اقدامات کرنے چاہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر سردیوں میں گیس کا کم دباؤ ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس کا سامنا صنعتکاروں نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے، صنعتی پیداوار جو کہ پہلے ہی انتہائی کم ہو رہی ہے مزید متاثر ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک برآمدی ہدف کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہاہے، صنعتی شعبے میں گیس کی عدم دستیابی تباہ کُن ہے۔کرونا وائرس کے تناظر میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تقریبا چھ مہینوں کی بندش کے بعد، صنعت دوبارہ چلنے کی کوشش کر رہی ہے اور گیس کا کم دباؤ صنعتی بحالی کے عمل میں مددگار نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا اثر حکومت کے محصولات کی وصولی پر بھی پڑے گا کیونکہ جب صنعتی پہیے رک جائیں گے تو وہ کس طرح اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ صنعت کو اب پہلے سے کہیں زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، یونٹوں کو چلانے کے لئے گیس اور بجلی کی مستقل فراہمی کی ضرورت ہے اور برآمد کے آرڈرز کو مقررہ وقت کے اندر پورا کرنے کے لئے یہ انتہائی اہم ہے ۔.انہوں نے کہا کہ کرونا پھیلنے کی وجہ سے تاجر پہلے ہی متعدد بین الاقوامی منڈیوں سے محروم ہوچکے ہیں اور توانائی کی عدم دستیابی صورتحال کو مزید خراب کر دے گی ۔