Live Updates

گوجرانوالہ جلسہ، جاوید ہاشمی کو نمائندگی نہ دینے پر ن لیگ پر کڑی تنقید

جاوید ہاشمی نے ہی پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران بیان دیا، جو جرات کی بات ہے جب کہ مریم کا ٹوئٹر بھی خاموش ہوگیا تھا اور نوازشریف لندن علاج کروانے کیلئے چلے گئے ، تجزیہ کار ارشاد بھٹی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 اکتوبر 2020 12:12

گوجرانوالہ جلسہ، جاوید ہاشمی کو نمائندگی نہ دینے پر ن لیگ پر کڑی تنقید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ جلسے میں بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کو نمائندگی نہ دینے پر مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کیا جاوید ہاشمی کو لیڈر ہی نہیں سمجھا جاتا؟ ہمارے ملک اگر چند حقیقی سیاسی ورکر یا سی رہنما ہیں تو ان میں سے ایک جاوید ہاشمی بھی ہیں ، اس ملک میں اگر کسی نے سیاسی جدوجہد میں حقیقی طور پر ماریں کھائی ہیں، جب یہ سارے پرویز مشرف سے ڈیل کرکے جدہ پیلس اور سرور پیلس جاکر مزے لوٹ رہے تھے، تو جیلوں میں اس وقت کون ماریں کھا رہا تھا؟ یہ کون تھا جس کے جسم پر زخم ہوگئے تھے؟ اور ان کو لیڈر ہی نہیں سمجھا جاتا، یعنی مریم نواز لیڈر ہیں اور جاوید ہاشمی سے بڑی لیڈر ہیں؟ مجھے بہت دکھ ہوا کہ یہ فیملی پرائیویٹ پارٹی بنائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

تجزیہ کار کے مطابق جاوید ہاشمی نے ہی پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران بیان دیا تھا، جو جرات کی بات ہے جب کہ مریم کا ٹوئٹر بھی خاموش ہوگیا تھا اور نوازشریف لندن علاج کروانے کیلئے چلے گئے، اسی جاوید ہاشمی کے بارے میں مریم نے کہا ایک بے کار آدمی اور احسان فراموش آدمی کہا، مجھے ان سے کوئی سروکار نہیں لیکن مریم کو جاوید ہاشمی سے بڑالیڈر کہنے پر میرا دل دکھا ہے۔

اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ حال ہی میں پولیس نے ریاستی اداروں پر تنقید کے الزام میں سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ ن کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ، جاوید ہاشمی کے خلاف ملتان کے علاقے تھانہ کینٹ میں 647 نمبر مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ، پولیس نے جاوید ہاشمی کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی ، ایس ایچ تھانہ کینٹ سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس حوالے سے مؤقف دینے سے انکار کردیا ، دوسری طرف جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے کوئی غلط بات نہیں کی ، پانچ بار ملکی آئین کس نے توڑا آئین توڑنے والوں کے خلاف بات کرتا رہوں گا، مجھے جیلوں میں ڈال دیں لیکن ضمانت نہیں کرواؤں گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات