پنجاب بار کونسل کے انتخابات28 نومبر کو ہونگے

اتوار 18 اکتوبر 2020 12:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2020ء) : پنجاب بار کونسل کے پانچ سالہ مدت کیلئے انتخابات28 نومبر کوہونگے جبکہ انتخابات میں صوبہ بھر کے ایک لاکھ26 ہزار سے زائد وکلا 75 ممبران پنجاب بار کونسل کا انتخاب کریں گے۔ بار کونسل کی کل 75 نشستوں میں لاہورڈویڑن کی 20نشستوں پر 150سے زائد امیدوارمد مقابل ہونگے، پنجاب بارکونسل کی لاہور کے لیی16، شیخوپورہ اور ننکانہ کے لیے ایک ایک اورقصور کے لیے 2 نشستیں مختص ہیں، 28 نومبر کو ہونے والے پنجاب بار کونسل کے الیکشن میں موجودہ ممبران کی اکثریت بھی انتخابات میں امیدوارہے جن میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی، منیر حسین بھٹی، خواجہ عبدالستار کاشر، چوہدری عرفان صادق تارڑ، بشریٰ قمر، میاں احمد سعید، قمر شاہد میو، عالمگیرخان، رانامحمدآصف، رائے سرفرازانور خان، مظہر محمود بھٹی، چوہدری توقیر صادق، نرگس ناہید، میاں محمد وسیم، ذبیع اللہ ناگرہ، عبدالصمد بسریا، نعیم حسن وٹو، انیلہ اقبال بھٹی، رانا ذوالفقار علی، راشدہ لودھی، رائے نواز کھرل اوررانا ضمیرچھڈو سمیت دیگرامیدوار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وکلا کے بڑے دو گروپوں حامد خان گروپ اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع۔پنجاب بار کونسل کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب بار کونسل کے گردونواح کی سڑکیں امیدواروں کے بینرز اور پوسٹرزسے سج چکی ہیں،امیدواروں کی اکثریت عدالتوں اور وکلا و ووٹرز کے چیمبرز میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم میں مصروف ہیں جبکہ ٹیلی فون اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی الیکشن مہم چلائی جا رہی ہے۔

پنجاب بار کونسل کے ہر پانچ سال کے بعد ہونے والے انتخابات اس مرتبہ ایک سال کی تاخیر سے 28 نومبر کو ہونگے۔ شیڈول کے مطابق پولنگ صبح نو بجے سے شام چار بجے تک ہو گی جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب الیکشن کمشنر ہونگے۔ پنجاب بار کونسل کے نو منتخب ارکان کے ناموں کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔