جناح پولو اینڈ کنٹری کلب لاہور کے زیراہتمام ریجاس ایفل ہائٹس پولو کپ 2020ء ریجاس پراپرٹی ڈویلپمنٹ کی ٹیم نے جیت لیا

اتوار 18 اکتوبر 2020 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2020ء) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب لاہور کے زیراہتمام ریجاس ایفل ہائٹس پولو کپ 2020ء ریجاس پراپرٹی ڈویلپمنٹ کی ٹیم نے جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد آخری لمحات میں ریجاس کی ٹیم نے ڈائمنڈ پینٹس کو 9-8 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں ایف جی پولو کی ٹیم نے نیوایج کیبلز کو 9.5-4 سے ہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا ایس او پیز کے تحت ہونے والے اس فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پرمہمان خصوصی صدر فیڈریشن آف چیمبر اینڈ کامرس میاں انجم نثار، سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق، چیئرمین ریجاس گروپ وسیم شہزاد ، ریجاس ایفل ہائٹس کے ڈائریکٹرز فیصل شہزاد، احسن شہزاد ،کاشف شہزاد، کلب کے صدر کرنل (ر) شعیب آفتاب، سیکرٹری میجر(ر) بابر محبوب اور تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

فائنل میچ کافی دلچسپ رہا۔ ریجاس پراپرٹیز ڈویلپمنٹ کی طرف سے احمد زبیر بٹ نے چار، راجہ ارسلان نجیب اور لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس نے دو دو جبکہ محب شہزاد نے ایک گول سکور کیا۔ دوسری طرف ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے پانچ، میر شعیب احمد نے دو جبکہ میر حذیفہ احمد نے ایک گول سکور کیا۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ایف جی پولو کی ٹیم نے نیوایج کیبلز کی ٹیم کو 9.5-4 سے ہرا دیا۔

ایف جی پولو کی طرف سے عامر رضا بہبودی نے تین، فراست علی چٹھہ، امین الرحمان اور میاں عباس مختار نے دو دو گول سکور کیے۔اختتامی تقریب پر مہمان خصوصی فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں انجم نثار اور انضمام الحق نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریجاس فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ جس بڑی تعداد میں لوگوں نے فائنل میچ دیکھا ہے اس سے امید ہے کہ ہم کرونا کو شکست دے کر دوبارہ نارمل انداز میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ اختتامی تقریب کے بعد میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔