Live Updates

کیپٹن (ر)صفدر کی مزار قائد میں نعرے بازی، پی ٹی آئی رہنمائوں کا شدید ردعمل

بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے، سینیٹر شبلی فراز سیاستدانوں کا لبادہ اوڑھے مجرموں نے آج قائدِاعظم محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کو پامال کیا ہے،علی زیدی

اتوار 18 اکتوبر 2020 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے دوران احاطہ مزار میں ان کے شوہر کیپٹن(ر)محمد صفدر نے نعرے بازی شروع کردی جس پر وفاقی وزرا کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ کیپٹن(ر) محمد صفدر نے مزار قائد کے احاطے میں ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔،کیپٹن(ر) محمد صفدر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر کے احاطے میں داخل ہوگئے۔

قبر کے اطراف لگی جالیوں کو عبور کرلیا اور قبر کے ساتھ کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور کرائی۔وہاں موجود کارکنان نے بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔اس موقع پر مریم نواز،مریم اورنگزیب،نہال ہاشمی اور علی اکبر گجر بانی پاکستان کی قبر کے اطراف لگی مرکزی جالیوں کے اندر موجود تھے۔

(جاری ہے)

مزار قائد کے اندر نعرے بازی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنمائوں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آیا اور انہوں نے احاطے میں نعرے بازی کو مزار کے تقدس کی پامالی قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا، نظریے سے انحراف کیا، اوراپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں مزار قائد میں نعرے بازی کی ویڈیو اس تبصرے کے ساتھ کی کہ سیاست دانوں بھیس میں اس جرائم پیشہ ٹولی کی جانب سے قائد کے مزار کے تقدس کی پامالی قابل قبول نہیں۔

علی زیدی نے اس پر کہا کہ ن لیگ کی طرف سے آج مزارِقائد پر جو کچھ ہوا وہ ناقابلِ قبول ہے۔وفاقی وزیرِ بحری امور نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کا لبادہ اوڑھے مجرموں نے آج قائدِاعظم محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کو پامال کیا ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی مزار قائد پر نعرے لگانے کی ویڈیو پر ردِعمل دیا اور کہا کہان لوگوں کو اپنی تاریخ کا پتہ ہے اور نہ ہی اپنے محسنوں کی عزت و تکریم کے آداب سے واقف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو میاں نواز شریف کے علاوہ کسی کی عزت کرنی نہیں آتی، انہیں قائد کے مزار کی بے حرمتی کرنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔اسی طرح وفاقی وزیر صنعت و پیدوار حماد اظہر نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں اس واقعے پر کڑی تنقید کی۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی کی زبان بولنے بولنے والوں نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا۔انہوں نے کہاکہ بیگم صفدر اور حواریوں کو مزار کے تقدس کا بھی احترام نہیں۔مزار قائد پر بدنظمی پیدا کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ جن کا ایجنڈا آر ایس ایس کا ہو انہیں مزار قائد کے تقدس کی کیا پرواہ ہوگی۔ مریم صفدر اعوان اور حواری قوم سے معافی مانگیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات