کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے خلاف سازش قرار دے دی

گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ، پولیس کا یہ اقدام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے ، صوبائی وزیر تعلیم کو ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 اکتوبر 2020 10:34

کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری  پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے خلاف سازش قرار دے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) پیپلزپارٹی کے رہنما صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو پی ڈی ایم میں خلیج ڈالنے کی سازش کا حصہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی وہ قابل مذمت ہے ، کیوں کہ کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ، پولیس کا یہ اقدام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔

 
واضح رہے کہ کراچی میں قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں کراچی پولیس نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ، پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن ر صفدر کو حراست میں لیا ، جس کے بعد پولیس انہیں گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔

 
پولیس حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے ، جب کہ نوازشریف کے داماد محمد صفدر اعوان کو مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا اور مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنان نامزد ہیں۔